Saturday, July 27, 2024

ویسٹ انڈیز کو دوسری بار ورلڈ ٹی ٹوینٹی کی ٹرافی جتوانے پر کرکٹ اسٹیڈیم ڈیرن سیمی کے نام سے منسوب

ویسٹ انڈیز کو دوسری بار ورلڈ ٹی ٹوینٹی کی ٹرافی جتوانے پر کرکٹ اسٹیڈیم ڈیرن سیمی کے نام سے منسوب
April 6, 2016
سینٹ لوشیا (ویب ڈیسک) ورلڈ ٹی ٹوینٹی کی فاتح ٹیم کا وطن واپسی پر شاندار استقبال کیا گیا۔ ادھر ویسٹ انڈیز کو دوسری بار ورلڈ ٹی ٹوینٹی کی ٹرافی جتوانے پر سینٹ لوشیا کے وزیراعظم نے استقبالیہ تقریب میں کرکٹ اسٹیڈیم کو ڈیرن سیمی کے نام سے منسوب کر دیا ہے۔ دوسری جانب ویسٹ انڈیز کرکٹ بورڈ اور کھلاڑیوں کا تنازع ابھی تک حل نہیں ہو سکا۔ ڈیرن سیمی کے بعد کرس گیل نے بھی ڈھکے چھپے انداز میں بورڈ پر تنقید کی ہے۔ ویسٹ انڈیز ٹی ٹوئنٹی کرکٹ ٹیم کے کپتان ڈیرن سیمی کا ستارہ ان دنوں عروج پر ہے۔ ٹیم کو دوسری بار ٹی 20 کا عالمی چمپئین بنانے پر پہلے عوام نے سیمی اور تمام کھلاڑیوں کا زبردست انداز میں استقبال کیا اور پھر سینٹ لوشیا کے وزیراعظم نے ایک تقریب میں کرکٹ اسٹیڈیم ٹی ٹوئنٹی کپتان کے نام سے منسوب کر دیا۔ اتنا پیار اور عزت ملنے پر سیمی تو پھولے نہیں سما رہے۔ سیمی کے لیے تو سب اچھا ہے لیکن چھکوں کی مشین کرس گیل سے خوشیاں جیسے روٹھنے لگی ہیں۔ سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر اپنے ایک پیغام میں کرس گیل نے کہا ہے کہ ٹیسٹ اور ون ڈے کیلئے انہیں منتخب نہیں کیا جاتا، شاید اس سال وہ  ویسٹ انڈیز کے لیے مزید نہ کھیل سکیں۔ گیل نے بورڈ کی طرف سے ملنے والی رقم کو مذاق قرار دیا۔ دوسری طرف ٹیم کی حالیہ شاندار پرفارمنس نے ویسٹ انڈیز کرکٹ بورڈ کو تھوڑا بیک فٹ پر دھکیل دیا ہے۔ بورڈ نے کھلاڑیوں سے بات چیت کا اشارہ دیا ہے۔ بورڈ کے سربراہ ڈیو کیمرون کا کہنا ہے کہ معاملے کے حل کے لیے دونوں فریق سمجھوتا کر لیں۔ ویسٹ انڈیز بورڈ اور پلیئرز کے درمیان کافی عرصے سے معاوضے کو لے کر تنازع چل رہا ہے۔ امید کی جا رہی ہے کہ بورڈ اور کھلاڑیوں میں سرد جنگ ختم ہونے والی ہے۔