ووٹ کوعزت دو کا مطلب ہے لوگوں کو انکے بنیادی حقوق دیئےجائیں، چیف جسٹس
اسلام آباد (92 نیوز) پانی کی کمی سے متعلق از خود نوٹس کیس میں چیف جسٹس نے کہا کہ ووٹ کوعزت دو کا مطلب ہے لوگوں کو انکے بنیادی حقوق دیئےجائیں۔
پانی کی کمی سے متعلق از خود نوٹس کیس کی سماعت کے دوران چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے کہ اسلام آباد میں پانی کی قلت اور ڈیمز بنانے پر شور مچا ہے۔ نواز شریف اور آصف زرداری نے اپنے ادوار میں کچھ نہیں کیا۔
چیف جسٹس نے کہا اسلام آباد میں ٹینکرز مافیا حکومت کو پانی کا ایک پیسہ ادا نہیں کرتا ۔ پانی کا مسلہ مستقبل میں خطر ناک ناسور بن سکتا ہے۔ اربوں روپے کا پانی ہم منرلز کے ساتھ سمندر میں ضائع کر رہے ہیں ، پانی کے مسئلے پر بلی کی طرح آنکھیں بند نہیں کرسکتے ، ہمیں عملی طور پر کچھ کرنا ہوگا، دل کرتا ہے ڈیم بنانے اور ملک کا قرضہ اتارنے کیلئے چولہ پہن کر جاﺅں اور چندہ مانگوں۔
دوران سماعت درخواست گزار نے کہا کہ طارق فضل چوہدری نوسرباز آدمی ہیں ۔ چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے کہ 20 بار انہیں بلا چکے ہیں اعتزاز احسن صاحب آپ پینے کے پانی اور پانی کے ذخیروں کے حوالے سے متعلق رپورٹ بنا کر دیں۔
سپریم کورٹ نے پانی کے مسلے کے حل کے لے اعتزاز احسن سے 21 جون تک تجاویز طلب کرتے ہوئے چیف کمشنر اسلام آباد اور چئیرمین سی ڈی اے کو کل عدالت طلب کر لیا۔