Wednesday, September 28, 2022

ولی عہد محمد بن سلمان مہنگے ترین گھر کے مالک نکلے

ولی عہد محمد بن سلمان مہنگے ترین گھر کے مالک نکلے

ریاض ( 92 نیوز ) سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان سعودی عرب میں کرپشن کے خلاف کریک ڈاؤن کی وجہ سے آج کل عالمی میڈیا کی آنکھ کا تارا بنے ہوئے ہیں ۔
لیکن اب ان کے بارے میں یہ انکشاف ہوا ہے کہ وہ دنیا کی مہنگی ترین اور نایاب ترین چیزوں کے بھی دلدادہ ہیں۔۔قیمتی پیٹنگ کے بعدمحمد بن سلمان دنیا کے مہنگے ترین گھر کے بھی مالک نکلے ہیں ۔


یمن کی جنگ ہو یا اسلامی نیٹو کا قیام ،خواتین پر لگائی جانے والی پابندیاں ختم کرنے کے اعلانات ہوں یا کرپشن کے الزام میں درجنوں شہزادوں کو پابند سلاسل کرنے کی خبر،سعودی ولی عہد اور وزیر دفاع شہزادہ محمد بن سلمان کا نام سرفہرست ہے۔
عالمی سیاست اور گریٹ گیم کا حصہ بننے کے ساتھ ساتھ اب تسلسل کے ساتھ محمد بن سلمان کا ذوق و شوق عالمی میڈیا کی زینت بن رہاہے۔


پہلے اطالوی آرٹسٹ لیونارڈو ڈاونچی کی بنائی ہوئی دنیا کی مہنگی ترین پینٹنگ سلاوتور مندی کےبے نامی خریدار کا پتہ امریکی اخبار نے لگایا تو انکشاف ہواکہ اصل مالک سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان ہیں۔
اور اب یہ خبر بھی امریکی میڈیا کی ہی زینت بنی ہے کہ شہزادہ محمد بن سلمان فرانس کے مہنگے ترین محل کے اصل خریدار ہیں۔


نیویارک ٹائمز کے مطابق نئے تعمیر ہونے والے محل کو 2015 میں ایک نامعلوم شخص نے خریدا تھا اور اس کے مالک کی شناخت کو شیل کمپنیوں کے ذریعے خفیہ رکھا گیا تھا لیکن شاہی خاندان کے مشیروں نے تصدیق کر دی ہے کہ محل کے خریدار محمد بن سلمان ہیں۔