Saturday, July 27, 2024

وقت بدلا، وینیوز بدلے، نہ بدلی تو ہمارے بلے بازوں کی ریت، حفیظ، آفریدی، مصباح، احمد شہزاد بڑی اننگز کھیلنے میں ناکام

وقت بدلا، وینیوز بدلے، نہ بدلی تو ہمارے بلے بازوں کی ریت، حفیظ، آفریدی، مصباح، احمد شہزاد بڑی اننگز کھیلنے میں ناکام
February 6, 2016
لاہور (نائنٹی ٹو نیوز) وقت بدلا، وینیوز بدلے، حریف بھی بدل گئے مگر نہیں بدلی تو ہمارے بلے بازوں کی چال نہیں بدلی۔ پی ایس ایل میں بھی بیشتر قومی کرکٹرز نہایت مستقل مزاجی سے اپنی ناقص کارکردگی کا تسلسل برقرار رکھے ہوئے ہیں۔ بوم بوم اور ٹک ٹک نے دکھائی وہی روایتی کارکردگی۔ پشاور زلمی جیت تو گئی لیکن لالہ جی خود صرف سولہ رنز ہی بنا پائے۔ اسلام آباد کی باری آئی تو مرد بحران سمجھے جانے والے مصباح الحق صرف بارہ رنز بنا کر چلتے بنے۔ اس سے پہلے پشاور زلمی اور اسلام آباد یونائیٹڈ کے درمیان میچ شروع ہوا تو اوپنر محمد حفیظ نو رنز بنا کر چلتے بنے۔ دو چوکے لگانے کے بعد ایسے شیر ہوئے کہ ایک غیرذمہ دارانہ شاٹ کھیلتے ہوئے سیم بلنگز کو کیچ تھما بیٹھے۔ کامران اکمل نے بھی آٹھ رنز بنانے پر ہی اکتفا کیا۔ اس سے پہلے لاہور قلندرز اور کراچی کنگز کے میچ میں قومی ٹیم کے کپتان اظہر علی اٹھارہ رنز بنا کر آؤٹ ہو گئے جبکہ صہیب مقصود بھی بائیس رنز سے آگے نہ بڑھ سکے۔ پہلا میچ جو ایک روز قبل اسلام آباد یونائیٹڈ اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے درمیان کھیلا گیا تھا اس میں کوئٹہ کے اوپنر احمد شہزاد بھی ہدف کا تعاقب کرتے ہوئے گیارہ رنز بنا کر رخصت ہو گئے تھے۔