Friday, December 1, 2023

وفاق کی اپیلیں خارج‘ سپریم کورٹ کا خواتین انسپکٹرز کو ترقی دینے کا حکم

وفاق کی اپیلیں خارج‘ سپریم کورٹ کا خواتین انسپکٹرز کو ترقی دینے کا حکم
March 21, 2016
اسلام آباد (92نیوز) سپریم کورٹ میں بھی ورلڈٹی 20 کرکٹ کپ میں پاکستان ٹیم کی مایوس کن کارکردگی کا ذکر چھڑ گیا۔ بھارت سے میچ ہارنے پر سپریم کورٹ کے ججز بھی مایوس۔ جسٹس شیخ عظمت کہتے ہیں ورلڈ ٹی ٹوینٹی میں خواتین کی ٹیم بھارت سے جیت گئی جبکہ مردوں کی ٹیم ہار گئی۔ عدالت نے خواتین افسران کے سنیارٹی کے خلاف وفاقی حکومت کی اپیلیں خارج کرتے ہوئے خواتین انسپکٹرز کو بلا امتیاز سنیارٹی و ترقی دینے کا حکم دیدیا۔ تفصیلات کے مطابق سپریم کورٹ میں ایف آئی اے خواتین اسسٹنٹ سب انسپکٹر سنیارٹی کیس کی سماعت جسٹس شیخ عظمت سعید کی سر براہی میں دو رکنی بینچ نے کی۔ سماعت کے دوران عدالت نے ریمارکس دیے کہ وفاقی حکومت کی جانب سے خواتین افسران کی سینیارٹی کے خلاف اپیل دائر کرنا مایوس کن ہے۔ حکومتی وکیل نے عدالت کو بتا یا کہ ایف آئی اے میں خواتین اے ایس آئی کی بھرتیاں امیگریشن ڈیٹا آپریٹرز کے طور پر ہوئیں جنہیں 60فیصد اضافی الاو¿نس بھی دیا جاتا ہے۔ مخصوص مقصد اور مخصوص فیلڈ کے لیے یہ بھرتیاں ہوئی تھیں۔ یہ خواتین افسران سنیارٹی میں دوسرے ملازمین کے ساتھ شامل نہیں ہو سکتیں۔ سماعت کے دوران ورلڈ ٹی ٹوینٹی میں خواتین اور مردوں کی ٹیم کی کارکردگی کا بھی ذکر ہوا۔ جسٹس شیخ عظمت سعید نے ریمارکس دیے کہ خواتین کسی سے کم نہیں، امتیازی سلوک نہ برتا جائے۔ خواتین افسران دوسرے درجے کی شہری نہیں۔ ورلڈ ٹی ٹوینٹی میں خواتین کی ٹیم بھارت سے جیت گئی جبکہ مردوں کی ٹیم بھارت سے ہار گئی۔ کیا ہماری خواتین مفلوج‘ محتاج اور صلاحیتوں میں کسی سے کم ہیں؟ جسٹس عمر عطاءبندیال نے ریمارکس دیے کہ اگر خواتین با صلاحیت نہیں تو مکمل طور پر سائیڈ لائین کر دیں۔ غلطی وفاق کی ہے خواتین افسران کو بلاامتیاز سنیارٹی ملنی چاہئے۔ عدالت نے خواتین افسران کے سنیارٹی کے خلاف وفاقی حکومت کی اپیلیں خارج کرتے ہوئے خواتین انسپکٹرز کو بلاامتیاز سنیارٹی و ترقی دینے کا حکم دیدیا۔