Wednesday, September 18, 2024

وفاق نے پاکستان سٹیل ملز دینے کی تحریری پیشکش نہیں کی: صوبہ سندھ

وفاق نے پاکستان سٹیل ملز دینے کی تحریری پیشکش نہیں کی: صوبہ سندھ
October 4, 2015
اسلام آباد (92نیوز) پاکستان سٹیل کی نجکاری کا اونٹ کس کروٹ بیٹھے گا اس کا کچھ پتہ نہیں۔ صوبہ سندھ کا کہنا ہے کہ وفاقی حکومت نے تحریری طور پر کوئی پیشکش نہیں کی۔ نجکاری کمیشن کے سربراہ محمد زبیر کہتے ہیں کہ اگلے چند روز میں پیشکش کر دیں گے۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان سٹیل ملز کو کون خریدے گا ؟ پندرہ ہزار ملازمین کا کیا بنے گا؟ وفاقی حکومت نے پاکستان سٹیل ملز کو مکمل طور پر سندھ کے حوالے کرنے کی پیشکش کردی ہے لیکن سندھ کا کہنا ہے کہ نہ تو سٹیل ملز مانگی ہے اور نہ خریدنے کا ارادہ ہے۔ پاکستان سٹیل ملزسندھ کو حوالے کرنے کی پیشکش پرپیپلزپارٹی کے سینیٹرسلیم مانڈوی والا کا کہنا ہے کہ سندھ حکومت پاکستان سٹیل ملز کی آفر کا جائزہ لے گی۔ وفاقی حکومت نے پاکستان سٹیل ملز کے لیے تحریری طور پر کوئی پیشکش نہیں۔ نجکاری کمیشن نے سٹیل ملز کی آفر کرنے سے قبل سندھ سے مشاورت نہیں کی۔ ان کا کہنا تھا کہ نجکاری کمیشن نے سٹیل ملز کا فیصلہ اپنی مرضی سے کیا۔ اگر وفاقی حکومت سٹیل ملز سندھ کے حوالے کرنا چاہتی ہے تو مذاکرات شروع کرے۔ نجکاری کمیشن جلد بازی میں فیصلے کرنے سے گریز کرے۔ نجکاری کمیشن کے سربراہ محمد زبیر کا کہنا ہے کہ صوبہ سندھ نے مختلف مواقع پر سٹیل ملز کی نجکاری میں دلچسپی ظاہر کی تھی۔ سٹیل ملز مکمل طور پر صوبہ سندھ کے حوالے کردی جائے گی۔ سٹیل ملز کا مینجمنٹ کنٹرول بھی سندھ کے حوالے کردیا جائے گا اور اس کے واجبات اور اثاثوں کی ذمہ داری بھی سندھ حکومت کے سپرد کردی جائے گی۔ محمد زبیر کا کہنا ہے کہ آئندہ چند روز میں صوبہ سندھ کو سٹیل ملز کی تحریری آفر کردی جائے گی۔ وفاق اپنے اوپر سے مالی بوجھ ختم کرنا چاہتا ہے۔ صوبہ سندھ کو سٹیل ملز کی نجکاری سے قبل تمام قواعد پورے کرنا پڑیں گے۔ سندھ نے حیسکو اور سیپکو کی نجکاری میں بھی دلچسپی ظاہر کی تھی۔