Saturday, July 27, 2024

وفاق میں ہیلتھ ایمرجنسی نافذ ، نئی ایڈوائزری جاری کر دی گئی

وفاق میں ہیلتھ ایمرجنسی نافذ ، نئی ایڈوائزری جاری کر دی گئی
April 1, 2020

اسلام آباد ( 92 نیوز) وفاق میں ہیلتھ ایمرجنسی نافذ  کر دی گئی ، وزارت ہیلتھ سروسز نے نئی ایڈوائزری جاری کردی ، مراسلے کے مطابق تمام وفاقی اسپتالوں کی او پی ڈیز تاحکم ثانی بند رہیں گی۔

وفاق میں ہیلتھ ایمرجنسی نافذ  کرنے کی نئی ایڈوائزی جاری کی گئی جس میں کہاگیا کہ اسپتالوں میں صحت یاب ہونے والے مریضوں کو ڈسچارج  کیا جائے ، ڈاکٹرز،پیرامیڈیکل اسٹاف کی چھٹیاں منسوخ،عملے کو حاضری کا حکم دیدیا گیا۔

واضح رہے کہ  پاکستان میں اب تک کورونا وائرس کے 2 ہزار 83 کیسز سامنے آچکے ہیں جبکہ 26 افراد موذی مرض کے باعث لقمہ اجل بن چکے ہیں ۔

کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر کے اعداد و شمار کے مطابق پنجاب میں  اب تک 748 ، سندھ میں  676 ، خیبرپختونخوا میں  253 ، گلگت بلتستان میں  184 ، بلوچستان میں  158 ، وفاقی دارالحکومت میں  58 اور آزاد کشمیر میں  6 کیسز سامنے آچکے ہیں ۔

پنجاب میں 9، سندھ میں 8 خیبرپختونخوا میں 6 گلگت بلتستان میں دو اور بلوچستان میں کورونا وائرس سے متاثرہ  افراد جاں بحق ہو چکے ہیں ۔

موذی وبا سے اب تک دنیا بھر میں 44 ہزار سے زائد افراد جان سے ہاتھ دھو بیٹھے ہیں ،  دنیا بھر میں 8 لاکھ 84 ہزار سے زائد افراد کورونا وائرس کا نشانہ بن چکے ہیں  جن میں سے  ایک لاکھ 85 ہزار 175 افراد  مہلک وائرس کو شکست دینے میں کامیاب ہوئے ۔