لاہور (92 نیوز) وفاقی کابینہ میں رد و بدل کے بعد وزیراعظم عمران خان کی نظریں ملک کے سب سے بڑے صوبے پنجاب پر لگ گئیں۔ وزیراعلیٰ پنجاب تمام صوبائی وزراء کی کارکردگی کے بارے وزیراعظم کو آگاہ کریں گے۔
اس کے بعد صوبائی کابینہ میں رد و بدل کا فیصلہ ہونے کا امکان ہے۔ ذرائع کے مطابق پنجاب میں وزرا ء کی تبدیلی تحریک انصاف کے لیے بڑا چیلنج بن چکا ہے۔ وزرا کی ناقص کارکردگی کے باوجود انکو تبدیل یا رد بدل میں مشکلات کا سامنا بھی کرنا پڑ رہا ہے۔
ذرائع کے مطابق تحریک انصاف کو فوری ناقص کارکردگی والے وزراء کو ہٹانے میں سیاسی مجبوریاں اور پنجاب اسمبلی میں ان ہاؤس تبدیلی کاخطرہ بھی برقرار ہے۔
گورنر پنجاب چودھری محمد سرور آج بیرون ملک سے واپسی پر وزیراعظم عمران خان سے اسلام آباد میں ملاقات بھی کریں گے۔ ذرائع کے مطابق چودھری محمد سرور اہم ملاقاتوں میں موجودہ سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کریں گے۔