Thursday, January 27, 2022
براہراست ٹی وی براہراست نشریات(UK) آج کا اخبار English News
English News آج کا اخبار
براہراست ٹی وی براہراست نشریات(UK)

وفاقی حکومت کی ہٹ دھرمی‘ مشترکہ مفادات کونسل کا اجلاس تعطل کا شکار

وفاقی حکومت کی ہٹ دھرمی‘ مشترکہ مفادات کونسل کا اجلاس تعطل کا شکار
January 3, 2016
لاہور (92نیوز) سندھ اور خیبرپختونخوا کے بارہا خطوط لکھنے کے باوجود مشترکہ مفادات کونسل کا اجلاس نہیں ہو رہا۔ تفصیلات کے مطابق سندھ اور خیبرپختونخوا کو گیس‘ توانائی اور دیگر امور سے متعلق وفاقی حکومت کے فیصلوں پر اعتراضات ہیں۔ دس ماہ سے اجلاس بلانے کیلئے لکھے خطوط کا وفاقی حکومت نے ابھی تک مثبت جواب نہیں دیا ہے۔ وفاقی حکومت کے ایسے طرزعمل پر سندھ اور خیبرپختونخوا شدید نالاں ہیں۔ ذرائع کے مطابق سندھ اور خیبرپختونخوا کو گیس ڈویلپمنٹ سرچارج سے متعلق کئے گئے وفاق کے فیصلوں پر شدید تحفظات ہیں۔ صوبوں کو اعتراض ہے کہ اہم نوعیت کے فیصلے سی سی آئی کے بجائے کابینہ کمیٹی برائے توانائی میں کرنا غیرآئینی ہے۔ فیصلوں کی منظوری سی سی آئی کے بجائے اقتصادی رابطہ کمیٹی سے لینا بھی خلاف آئین ہے۔ وزیرخزانہ سندھ مراد علی شاہ نے وفاقی حکومت کو بارہا لکھے گئے خطوط کی تصدیق کر دی ہے۔ واضح رہے کہ آئین کے آرٹیکل 154 (3) کے تحت مشترکہ مفادات کونسل کا اجلاس ہر نوے دن میں ایک بار بلایا جانا ضروری ہے تاہم موجودہ حکومت نے اس حوالے سے اس آئینی پابندی اور تقاضے کو پورا کرنا ضروری نہیں سمجھا۔ اس آئینی تقاضے کا مقصد صوبوں اور وفاق کے درمیان حل طلب یا وضاحت طلب معاملات بات چیت کے ذریعے آئینی طور پر طے کرنا ہے۔