Saturday, July 27, 2024

وفاقی حکومت کی جانب سے ن لیگی امیدواروں کو ترقیاتی فنڈز دینا بدترین قبل ازانتخابات دھاندلی ہے: بلاول بھٹو

وفاقی حکومت کی جانب سے ن لیگی امیدواروں کو ترقیاتی فنڈز دینا بدترین قبل ازانتخابات دھاندلی ہے: بلاول بھٹو
April 17, 2016
لاہور (نائنٹی ٹو نیوز) پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے وفاقی حکومت کی جانب سے آزاد کشمیر میں قبل ازانتخابات دھاندلی پر کڑی تنقید کی ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ وفاقی حکومت آزاد کشمیر میں ن لیگ کے امیدواروں کو ترقیاتی فنڈز جاری کر رہی ہے۔ بلاول بھٹو زرداری نے اپنے بیان میں کہا کہ وفاقی حکومت کی جانب سے ن لیگی امیدواروں کو ترقیاتی فنڈز دینا بدترین قبل ازانتخابات دھاندلی ہے۔ ن لیگ کی جانب سے قبل ازانتخابات دھاندلی کی مذمت کرتے ہیں۔ وفاقی حکومت غیرقانونی اقدام کو فی الفور بند کرے، اس موقع پر ترقیاتی سکیموں کا اعلان کرنا ووٹ خریدنے کی کوشش ہے۔ بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ کشمیر کونسل کے فنڈز من پسند لوگوں میں تقسیم کرنا عوام کے مینڈیٹ کی توہین ہے۔ وفاقی حکومت کی جانب سے آزادکشمیر انتخابات پر اثرانداز ہونے کے لئے ایسے اقدامات حیران کن ہیں۔ وفاقی ایجنسیوں کی ملی بھگت سے پاکستان کے دیگر علاقوں کے لوگوں کے بھی ووٹ آزادکشمیر میں رجسٹر کئے جا رہے ہیں۔ ن لیگ کی قیادت نے اپنی غلطیوں سے سبق نہیں سیکھا اور انہیں دہرانے پر تلی ہے۔ انہوں نے کہا کہ آزاد کشمیر انتخابات شفاف نہ ہوئے تو سیاسی عدم استحکام بدقسمتی ہو گی۔ پیپلزپارٹی آزاد کشمیر نتخابات میں دھاندلی کی ہرگز اجازت نہیں دے گی۔