Thursday, December 8, 2022

وفاقی حکومت نے غفلت کی ، کورونا وائرس پازیٹو کے افراد کو سوسائٹی میں جانے دیا ، چیف جسٹس

وفاقی حکومت نے غفلت کی ، کورونا وائرس پازیٹو کے افراد کو سوسائٹی میں جانے دیا ، چیف جسٹس
 لاہور (92 نیوز) لاہور ہائیکورٹ میں کورونا وائرس کیس کی سماعت میں عدالت نے ریمارکس دیئے کہ وفاقی حکومت نے بہت غفلت کی ہے ۔ پازیٹو آنے والے افراد کو سوسائٹی میں جانے دیا۔ چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ جسٹس قاسم خان کی سربراہی میں فل بینچ نے کورونا وائرس سے بچاؤ کے کیس پر سماعت کی۔ ایڈیشنل اٹارنی جنرل اشتیاق اے خان نے بتایا کہ تیرہ ہزار نو سو چورانوے افراد بیرون ملک سے آئے ہیں۔ فل بینچ نے ریمارکس دیئے کہ حکومت کے پاس کوئی اعداد و شمار نہیں ہیں کہ کتنے افراد اسکریننگ کے بغیر گزرے۔ عدالتی استفسار پر قائم مقام ایڈووکیٹ جنرل پنجاب نے آگاہ کیا کہ حکومت پنجاب دیہاڑی دار، مزدور، رکشہ ڈرائیور اور روزانہ روزی کمانے والوں کو راشن دے گی۔ چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے کہ سبزی منڈی اور غلہ منڈی کھلی رہنی چاہئے، حکومت کو ان مقامات پر رش کے بارے میں توجہ دینی چاہئے۔ کیس کی سماعت کے دوران سابق میئر لاہور کرنل ریٹائرڈ مبشر جاوید پیش ہوئے جس پر گل بنچ نے قرار دیا کہ جو کرسکتے ہیں اپنے طور پر کریں یہ کام عہدوں سے ماورا ہے۔ عدالت نے ہدایت کی کہ آٹے کی دستیابی یقینی بنائی جائے اور ذخیرہ کرنے والوں کیخلاف کارروائی کی جائے۔ ملازموں کو تنخواہ کیساتھ چھٹی اور اضافی رقم بھی دی جائے۔ عدالت نے ریمارکس دیئے کہ مخیر افراد سے رابطہ کیا جائے تاکہ جرمانے اور دیت کی رقم ادا ہو سکے۔ چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے کہ قیام پاکستان کے بعد ایسی وبا کا پہلا تجربہ ہے،انسانی غلطیوں کی گنجائش کو نظر انداز کیا جائے۔ چیف جسٹس نے زور دیا کہ میڈیا لوگوں میں آگاہی کیلئے مہم چلائے۔ ڈاکٹروں کے وکیل نے فریق بنانے کی درخواست واپس لے لی۔