وفاقی حکومت نے سٹیل ملز دینے کی کوئی تحریری پیش کش نہیں کی : سندھ حکومت
کراچی(92نیوز)پاکستان اسٹیل ملز کی نجکاری کا اونٹ کس کروٹ بیٹھےگا صوبہ سندھ کا کہنا ہے کہ وفاقی حکومت نے تحریری طور پر کوئی پیش کش نہیں ، فیصلہ مشاورت کے بغیر کیا گیا نجکاری کمیشن کے سربراہ محمد زبیر کہتے ہیں اگلے چند روز میں پیش کش تحریری طور پر بھیج دی جائے گا۔
تفصیلات کےمطابق پاکستان اسٹیل ملزسندھ کو حوالے کرنے کی پیش کش پرپیپلزپارٹی کے سینیٹرسلیم مانڈوی والا کا کہنا ہے کہ سندھ حکومت پاکستان اسٹیل ملز کی آفر کا جائزہ لے گی۔ وفاقی حکومت نے پاکستان اسٹیل ملز کے لیے تحریری طور پر کوئی پیش کش نہیں نجکاری کمیشن نے اسٹیل ملز کی آفر کرنے سے قبل سندھ سے مشاورت نہیں کی۔ ان کا کہنا تھا کہ نجکاری کمیشن نے سٹیل ملز کا فیصلہ اپنی مرضی سے کیا ہے اگر وفاقی حکومت اسٹیل ملز سندھ کے حوالے کرنا چاہتی ہے تو مذاکرات شروع کرے۔
دوسری طرف نجکاری کمیشن کے سربراہ محمد زبیر کا کہنا ہے کہ صوبہ سندھ نے مختلف مواقع پر اسٹیل ملز کی نجکاری میں دلچسپی ظاہر کی تھی۔ اسٹیل ملز مکمل طور پر صوبہ سندھ کے حوالے کردی جائے گی۔ اسٹیل ملز کا مینجمنٹ کنٹرول بھی سندھ کے حوالے کردیا جائے گا۔ محمد زبیر کا کہنا ہے کہ آئندہ چند روز میں صوبہ سندھ کو اسٹیل ملز کی تحریری آفر کردی جائے گی کیونکہ وفاق اپنے اوپر سے مالی بوجھ ختم کرنا چاہتا ہےاور صوبہ سندھ کو اسٹیل ملز کی نجکاری سے قبل تمام قواعد پورے کرنا پڑیں گے۔
ان کا مزید کہنا تھاکہ سندھ نے حیسکو اور سیپکو کی نجکاری میں بھی دلچسپی ظاہر کی تھی۔