وفاقی حکومت نے رینجرز کے حوالے سے اختیارات سے تجاوز کیا : فرحت اللہ بابر

کراچی (92نیوز) پیپلزپارٹی کے شریک چیئرمین آصف زرداری کے ترجمان فرحت اللہ بابر کا کہنا ہے وفاقی حکومت نے رینجرز کے حوالے سے اختیارات سے تجاوز کیا ہے۔ وفاق کے فیصلے کو صوبائی خود مختاری میں مداخلت سمجھتے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق اپنے ایک بیان میں فرحت اللہ بابر نے کہا ہے کہ رینجرز اختیارات کے معاملے پر وفاق کے فیصلے کی مذمت کرتے ہیں۔ وفاقی حکومت نے اختیارات سے تجاوز کیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پیپلزپارٹی وفاق کے فیصلے کو صوبائی خود مختاری میں مداخلت سمجھتی ہے۔ صوبائی خود مختاری کیلئے ہر فورم پر لڑیں گے۔
انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت کو ایسا فیصلہ نہیں کرنا چاہئے تھا۔ دوسری طرف سندھ حکومت نے رینجرز کے اختیارات کو عدالت میں چیلنج کرنے پر غور شروع کردیا ہے جبکہ وزیراعلیٰ سندھ قائم علی شاہ نے قانونی مشاورت کیلئے آج اجلاس بھی طلب کر لیا ہے۔