Saturday, July 27, 2024

عمران خان غل غپاڑے کے عادی‘ خورشید شاہ کی تقریر شرارت تھی : رانا ثناءاللہ

عمران خان غل غپاڑے کے عادی‘ خورشید شاہ کی تقریر شرارت تھی : رانا ثناءاللہ
February 4, 2016
لاہور (92نیوز) پنجاب کے وزیر قانون رانا ثناءاللہ نے کہا ہے کہ خورشید شاہ کی تقریر پی آئی اے کو تباہ کرنے کی سازش ہے۔ اپوزیشن لیڈر کی گفتگو سازش اور شرارت پر مبنی تھی۔ تفصیلات کے مطابق پنجاب اسمبلی کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے رانا ثناءاللہ نے کہا کہ پیپلزپارٹی کے معاندانہ رویے کے پیچھے میڈیا ہے۔ پیپلزپارٹی میڈیا کودکھانے کےلئے ہمارا سر پھوڑے لیکن مناسب الفاظ استعمال کرے۔ خورشید شاہ کاگزشتہ روز رویہ شرمناک تھا۔ قومی ائیر لائن کے معاملے میں سائیں سرکار کا رویہ اچھا ہے۔ انہوں نے کہا کہ خورشید شاہ نے جو گفتگو کی وہ لیڈر آف اپوزیشن کے شایان شان نہیں۔ انہیں سید ہونے کی لاج اور شرم رکھنے چاہیے تھی۔ وزیر قانون کا کہنا تھا کہ پی آئی اے کو ماضی میں بے شرمی اور ڈھٹائی کے ساتھ تباہ کیا گیا اور ادارے کو اس حال تک پہنچانے والے لوگ ہی ملازمین کو سپورٹ کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کراچی میں پی آئی اے کے ملازمین پر فائرنگ مجمع کے اندر سے ہوئی۔ کچھ لوگوں سے انویسٹی گیشن جاری ہے‘ سازشی عناصر بے نقاب ہوں گے۔ اس واقعے کو ناکام بنانے کے لئے ایم کیو ایم نے کال دی تھی۔ ان کاکہنا تھا کہ پی آئی اے میں کسی کو بے روزگار نہیں کیا جائے گا۔ ادارہ اگر منافع کمائے گا تو بہتری آئے گی۔ سب کے فائدے کے لئے اجتماعی کوشش ہو رہی ہے۔ رانا ثناءاللہ نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ عمران خان نے جمہوریت کو نقصان پہنچانے کے لئے اقدامات کئے‘ وہ دمادم مست قلندر نہیں کنٹینر پر غل غپاڑے کے عادی ہیں۔