وزیر داخلہ شیخ رشید کا پاک بحریہ ڈاک یارڈ کراچی اور سب میرین حمزہ کا تفصیلی دورہ
کراچی (92 نیوز) وزیر داخلہ شیخ رشید نے پاک بحریہ ڈاک یارڈ کراچی اور سب میرین حمزہ کا تفصیلی دورہ کیا۔
شیخ رشید احمد نے آج پاک بحریہ ڈاک یارڈ کراچی کا دورہ کیا جہاں انھیں پاک بحریہ کی آپریشنل تیاریوں پر بریفنگ دی گئی۔ کمانڈر پاکستان فلیٹ وی/ایڈمرل نوید اشرف نے ڈاک یارڈ پہنچنے پر وزیر داخلہ کا استقبال کیا۔
وزیر داخلہ کو پاک بحریہ کی آپریشنل طاقت اور نیول آپریشن کے مختلف پہلوؤں سے متعلق آگاہ کیا گیا اور انھیں سب میرین حمزہ کا تفصیلی دورہ کروایا گیا۔ انھوں نے سب میرین کے مختلف حصے دیکھے۔ نیول افسران سے آپریشنز سے متعلق تفصیلات لیں۔
اس موقع پر وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے پاک بحریہ کی آپریشنل صلاحیتوں پر انتہائی اعتماد کا اظہار کیا اور کارکردگی کو سراہا۔ ان کا کہنا تھا کہ جنگ ہو یا امن دونوں صورتوں میں پاک بحریہ کا کردار قابل تحسین ہے۔