لاہور (92 نیوز) وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی صدارت میں کورونا وبا کی روک تھام کیلئے قائم کابینہ کمیٹی کاویڈیو لنک اجلاس ہوا ، سردار عثمان بزدار کا کہنا ہے کہ رمضان کے دوران شٹر ڈاؤن کر کے کاروبار کرنے کی کسی صورت اجازت نہیں دیں گے۔
وزیراعلیٰ پنجاب کی صدارت میں کورونا وباء کی روک تھام کیلئے قائم کابینہ کمیٹی کا ویڈیو لنک اجلاس ہوا ، شرکا کو سمارٹ لاک ڈاؤن کے حوالے سے بریفنگ دی گئی،رمضان المبارک کے دوران انڈسٹریل یونٹس کو مرحلہ وار کھولنے کے حوالے سے امور پرغور کیا گیا۔
اجلاس میں متاثرہ مریضوں کے علاج معالجے کی سہولتوں کا جائزہ،ڈاکٹروں اور پیرا میڈیکل سٹاف کو حفاظتی ساز و سامان کی فراہمی کے امور پر بھی غور کیاگیا ، جزوی لاک ڈاؤن کے حوالے سے کئے گئے اقدامات کا بھی جائزہ لیا گیا۔
اجلاس سے خطاب میں وزیراعلیٰ سردارعثمان بزدار نے کہا کہ پنجاب میں اس وقت کورونا سے متاثرہ مریضوں کی تعداد چارہزارچارسواکتیس ہے ، انہوں نے کہا کہ رمضان کے دوران سحری کے وقت دودھ، دہی اور کھانے پینے کی دکانیں کھلی رہیں گی،ہوٹل بند رہیں گے ۔ شٹر ڈاؤن کر کے کاروبار کرنے کی کسی صورت اجازت نہیں دیں گے،خلاف ورزی پر کورونا آرڈیننس کے تحت دکان سیل کرکے چالان ہو گا۔
وزیراعلیٰ نے کہا کہ رمضان المبارک کے دوران نماز اور نماز تراویح کی ادائیگی کے لئےبیس نکاتی اعلامیہ پر عملدرآمد یقینی بنایا جائے گا ، ایس او پیز کی خلاف ورزی کرنے والی انڈسٹریز کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی ہو گی۔
وزیر اعلیٰ پنجاب نے سرکاری فرائض میں غفلت پر سخت ایکشن لیتے ہوئے ایکسین ہیڈ بلوکی کومعطل کردیا ، دیپالپورمیں بچے اورمنڈی بہاؤالدین میں لڑکی قتل کانوٹس لے کر ملزمان کی گرفتاری کا حکم بھی دے دیا۔