وزیر اعظم کے نوٹس کے باوجود نجی ایئرلائنز مسافروں کی لوٹ مار میں مصروف
اسلام آباد(92نیوز)وزیراعظم کے احکامات کے باوجود نجی ایئرلائنز مسافروں سے لوٹ مار میں مصروف ، اہم وفاقی وزیر کی نجی ایئرلائن نے بھی کرایوں میں پچاس فیصد سے زیادہ اضافہ کردیا مسابقتی کمیشن نے انکوائری کا آغاز کردیا۔
تفصیلات کےمطابق سرکاری ائیر لائن کے پائلٹس کی ہڑتال کے باعث نجی ایئر لائنز نے کرایوں میں 100 فیصد تک اضافہ کر دیا ہے۔ پی آئی اے کی ہڑتال کے باعث نجی ایئرلائنز کی چاندی ہوگئی ہے۔ہر گھنٹے بعد کرایوں میں اضافہ کیا جا رہا ہے۔ اندرون ملک پروازوں میں7 ہزار روپے کا اضافہ کردیا گیا ہے ایک نجی ایئرلائن نے اسلام آباد سے کراچی کا کرایہ 11 ہزار سے بڑھا کر 22 ہزار کر دیا گیا ہے جب کہ ایک اہم وفاقی وزیر کی نجی ایئرلائن نے کراچی سے اسلام آباد کا کرایہ 14 ہزار روپے سے بڑھا کر 27 ہزار روپے کردیا ہے ۔
ایئربلیوکا کراچی سے لاہور کا کرایہ 9500 سے بڑھا کر 19500 کردیا گیا ہےجب کہ کراچی سے اسلام آباد کاکرایہ 10500 سے بڑھا کر 17000 روپے کردیا گیا۔ شاہین ایئرلائنز کا کرایہ 10500 سے بڑھا کر 19300 روپے کردیا گیا ۔ شاہین ایئرلائنزنےپشاور کے کرایوں میں ڈھائی ہزار روپے اضافہ کردیا ہے۔
مسافروں کا کہنا ہے کہ نجی ایئر لائنز نے کراچی اور اسلام آباد کے درمیان یک طرفہ کرایہ 27 ہزار روپے کر دیا ہے،کراچی اور لاہور کے درمیان سفر کرنے والے مسافروں کو 24 ہزار روپے ادا کرنا ہوں گے،ٹریول ایجنٹس کا کہنا ہے کہ جہاں جہاں پی آئی اے کی پروازیں نہیں جارہیں ، نجی ایئرلائنز نے ان روٹس پر کرائے بڑھادیے ہیں ، ٹریول ایجنٹس کا کہنا ہے کہ بعض نجی ایئرلائنز نے فیول ایڈ جسٹمنٹس کی مد میں بھی کرائے بڑھانا شروع کردیے ہیں جب کہ ایمرجنسی چارجز بھی عائد کردیے گئے ہیں۔
ادھر مسابقتی کمیشن نے اس صورتحال کا نوٹس لیتے ہوئے معاملے کی تحقیقات کا فیصلہ کیا ہے وزیراعظم نے کرایوں کے غیر منصفانہ اضافے پر سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ غیر منصفانہ فیصلہ منسوخ کیا جائے۔