Sunday, November 27, 2022

وزیر اعظم کیخلاف توہین عدالت کی درخواست مسترد کر دی گئی ‏

وزیر اعظم کیخلاف توہین عدالت کی درخواست مسترد کر دی گئی ‏
اسلام آباد ( 92 نیوز) اسلام آباد ہائیکورٹ نےو زیر اعظم عمران خان کے خلاف توہین عدالت کی درخواست مسترد کر دی ، چیف جسٹس اطہر من اللہ نے فیصلہ سنایا۔ اسلام آباد ہائیکورٹ کے چیف جسٹس اطہر من اللہ کی زیر سربراہی دو رکنی بنچ نے وزیر اعظم عمران خان کے خلا ف توہین عدالت کی درخواست پر سماعت کی ۔عدالت نے اپنے فیصلے میں کہا کہ عدالت منتخب وزیراعظم کے خلاف توہین عدالت کی کارروائی نہیں کرے گی۔ درخواست گزار نے  وزیر اعظم کیخلاف توہین عدالت کی کارروائی کرنے کی استدعا کی ، موقف اپنایا کہ وزیر اعظم کی تقریر توہین عدالت کے زمرے میں آتی ہے ،18 نومبر کو عمران خان کی تقریر میں اعلیٰ عدلیہ کو اسکینڈلائز کرنے کی کوشش کی گئی ،جب کہ تقریر کے متنازعہ حصہ کا ٹرانسکرپٹ درخواست کے ساتھ منسلک کر دیا گیا ہے۔ چیف جسٹس اطہر من اللہ نے درخواست گزار کو مخاطب کرتے ہوئے ریمارکس دیے کہ  وزیراعظم کی تقریر سے آپ کیوں پریشان ہیں، کیا آپ منتخب وزیراعظم کا ٹرائل کرانا چاہتے ہیں؟ ،کیا اپ اس کے نتائج سے آگاہ نہیں ،کیا آپ نے کل کا ہمارا فیصلہ پڑھا ہے، جس میں توہین عدالت کے حوالے سے اصول طے کر دیے ہیں،  توہین عدالت کے حوالے سے پہلے آگاہی نہیں تھی اب آجائےگی، عدالتیں تنقید سننے کے لیے تیار ہیں۔ چیف جسٹس اطہر من اللہ نے ریمارکس دیے کہ توہین عدالت فرد اور عدالت کے درمیان ہوتی ہے ، عدالتیں تنقید کا خیر مقدم کرتی ہیں۔