Monday, January 30, 2023

وزیراعظم کا نیول ہیڈکوارٹرز کا دورہ، میری ٹائم سکیورٹی صورتحال پر بریفنگ

وزیراعظم کا نیول ہیڈکوارٹرز کا دورہ، میری ٹائم سکیورٹی صورتحال پر بریفنگ

اسلام آباد (92 نیوز) وزیراعظم عمران خان نے نیول ہیڈکوارٹرز کا دورہ کیا ہے۔ اِنہیں علاقائی میری ٹائم سکیورٹی کی صورتحال اور چیلنجز سے نمٹنے کے لیے اقدامات پر بریفنگ دی گئی۔ وزیراعظم کا کہنا تھا کہ پاک بحریہ کو ہر طرح کا تعاون فراہم کریں گے۔

وزیرِ اعظم عمران خان کا نیول ہیڈ کوارٹرز آمد پر پاک بحریہ کے سربراہ ایڈمرل محمد امجد خان نیازی نے استقبال کیا۔ پاک بحریہ کے چاق و چوبند دستے نے وزیراعظم کو گارڈ آف آنر پیش کیا۔

ترجمان کے مطابق وزیر اعظم کو علاقائی میری ٹائم سیکیورٹی کی صورتحال، چیلنجز اور میری ٹائم سیکٹر کی ترقی کیلئے پاک بحریہ کے اقدامات پر بریفنگ دی گئی۔

وزیرِ اعظم نے ملکی بحری سرحدوں کے دفاع، گوادر بندرگاہ سمیت سی پیک کو سکیورٹی کی فراہمی اور علاقائی امن کیلئے پاک بحریہ کی کاوشوں کو سراہا۔

وزیرِ اعظم کا کہنا تھا کہ حکومت پاک بحریہ کو ہر طرح کا تعاون فراہم کرتی رہے گی۔ حکومت معاشی ترقی میں میری ٹائم سیکٹر کی افادیت کے پیش نظر اس کے فروغ کیلئے کوشاں ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ حکومت کی جانب سے 2020 کو بلیو اکانومی کا سال قرار دیا جانا بحری معیشت کی ترقی کیلئے حکومتی اقدامات کا مظہر ہے۔

ترجمان پاک بحریہ کے مطابق امیرالبحر نے پاک بحریہ کی صلاحیتوں پر اعتماد کے اظہار پر وزیراعظم کا شکریہ ادا کیا۔ کہا کہ پاک بحریہ اللہ تعالٰی کی مدد سے ملکی سمندری سرحدوں اور بحری مفادات کے تحفظ کیلئے ہمہ وقت تیار ہے۔

متعلقہ شعبوں کے وفاقی وزراء، مشیر اور سینئر آفیسرز بھی اس دورے میں وزیر اعظم کے ہمراہ تھے۔

وزیراعظم عمران خان نے نیول ہیڈ کوارٹرز میں یادگار شہداء پر پھولوں کی چادر چڑھائی اور ان کا پرنسپل اسٹاف آفیسرز سے تعارف کرایا گیا۔