اسلام آباد ( 92 نیوز) وزیراعظم عمران خان نے ایک بار پھر ملک کو اسلامی فلاحی ریاست بنانے کا عزم دہرایا ، پی ٹی آئی کے 24ویں یوم تاسیس پر ٹویٹ میں کہا اسلامی فلاحی ریاست میں قانون کی حکمرانی سب سے اہم ہے ۔
اپنے ٹویٹ پیغام میں وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ 24برس قبل آج ہی کےدن تحریک انصاف نے قائد اعظم کے ویژن کی روشنی میں پاکستان کو ایک جدید اسلامی فلاحی ریاست کی صورت میں ڈھالنے کے اپنے نصب العین کی جانب سفر کا آغازکیا ، اس مقصد کیلئےہمیں درج ذیل سنگ میل عبور کرناتھے۔
اول ، قانون کی ایسی بالا دستی کا قیام کہ اسکی نظرمیں سب برابر اور طاقتور اسکے تابع ہوں۔
دوئم، ریاستی و قومی وسائل کو اشرافیہ کے مضبوط شکنجے سے چھڑوا کر انکی از سرِ نو اور قدرے منصفانہ تقسیم کہ محروم اور نادار شہریوں کیلئے غربت سے نجات ممکن ہو سکے ۔ ہماری یہ جدوجہد کسی بھی سیاسی جماعت سے زیادہ طویل، کٹھن اور صبر آزما رہی ہے۔
وزیر اعظم نے کہا کہ آج میں اپنے ان بانی ارکان نعیم الحق، احسن رشید اور سلونی بخاری کو بھی یاد کرنا چاہتا ہوں جن کی رفاقت سے آج ہم محروم ہیں۔
اس سے قبل وزیراعظم عمران خان نے یاران وطن ایپ سے متعلق بھی ٹویٹ پیغام دیا جس میں کہا گیا کہ حکومت نے یاران وطن ایپ لانچ کردی، صحت کے شعبے سے وابستہ بیرون ملک مقیم پاکستانی ایپ سے رجسٹر ہوسکیں گے۔
عمران خان نے ٹویٹ پیغام میں کہا کہ دنیا بھر میں پاکستانی ڈاکٹرز کورونا کے خلاف اگلے محاذوں پر لڑ رہے ہیں، پاکستانی ہیلتھ پروفیشنلز اپنے ہم وطنوں کو وباء سے بچانے میں مدد کرنا چاہتے ہیں، وہ ایپ پر رجسٹر ہوکر اپنی خدمات رضاکارانہ طور پر دے سکیں گے۔