اسلام آباد(ویب ڈیسک)وزیراعظم نوازشریف نےنلترحادثے میں جاں بحق ہونے والے ناروے اورفلپائن کے سفیروں کو ستارہ پاکستان اورملائیشیا اورانڈونیشیا کے سفیروں کی بیگمات کوستارہ امتیازدینے کا اعلان کردیا۔
وزیراعظم نوازشریف کا کہنا ہے کہ حادثے پر پوری قوم افسردہ ہے، پاک فوج کے بہادرپائلٹس نے جانوں کا نذرانہ دے کرکئی قیمتی جانیں بچائیں۔
تفصیلات کے مطابق وزارت خارجہ اسلام آباد میں سانحہ نلترمیں جاں بحق ہونے والوں کی یاد میں تعزیتی ریفرنس ہوا۔
اس موقع پروزیراعظم میاں نواز شریف نےجاں بحق ہونے والے افراد کے خاندانوں سے ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ سانحہ پر پوری پاکستانی قوم غمزدہ ہے۔
وزیر اعظم نوازشریف نے غیر ملکی سفیروں کی جانیں بچانے والے پاک فوج کے بہادر پائلٹس کو خراج تحسین پیش کیا اور آنجہانی سفیروں کو ستارہ پاکستان اورحادثے میں جاں بحق ہونے والی انڈونیشیائی اورملائیشین سفیروں کی بیگمات کو ستارہ امتیاز دینے کابھی اعلان کردیا۔
وزیر اعظم نوازشریف نے ملائیشیا اورہالینڈ کے سفیروں اوران کی اہلیہ کی جلدصحت یابی کی دعا بھی کی۔
تعزیتی ریفرنس میں غیر ملکی سفارت کاروں اور جاں بحق افراد کے ورثا نے بھی شرکت کی۔
اس موقع پر ایک منٹ کی خاموشی بھی اختیار کی گئی۔