اسلام آباد: (92 نیوز) پاکستان اور ملائیشیا کے وزرائے اعظم کی مشترکہ پریس کانفرنس، وزیرِ اعظم شہباز شریف نے کہا ملائیشیا کے ساتھ دفاع اور سکیورٹی کے شعبے میں تعاون کو فروغ دیں گے۔ مزید دونوں وزراعظم نے اسرائیلی حملوں کی مذمت بھی کی۔
اسلام آباد میں وزیراعظم شہبازشریف نے ملائیشیا کے ہم منصب کے ساتھ مشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا ہے کہ ملائیشیا کے وزیراعظم انور ابراہیم کے ساتھ مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے پرغور ہوا۔ ملائیشین ہم منصب کے ساتھ ملاقات سیر حاصل اور بامعنی رہی۔ ملائیشیا کے ساتھ مل کر دوطرفہ تجارت کو مزید بڑھائیں گے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے یقین دلایا کہ ہم طے کردہ معیار پر پورا اتریں گے، باہمی تعلقات کے فروغ کے لیے ملائیشین ہم منصب کی خدمات قابل قدر ہیں۔ مقبوضہ کشمیر کے عوام نے اپنے حقوق کی خاطر بڑی قربانیاں دی ہیں۔ انسانیت سوز مظالم کے باوجود کشمیری عوام جدوجہد آزادی جاری رکھے ہوئے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: 25اکتوبرتک مجوزہ عدالتی اصلاحات منظور نہ کی گئیں تو محاذ آرائی ہوگی، بلاول کا انتباہ
ملائیشین وزیراعظم انور ابراہیم نے کہا، پاکستان ہمارا بااعتماد برادر ملک ہے۔ قائد اعظم محمد علی جناح بصیرت افروز اور دور اندیش رہنما تھے، میں نے کئی بار ان کے فرمودات کا اپنی تقاریر میں حوالہ دیا ہے۔ ہمارا وسیع تبادلہ خیال نہ صرف دوطرفہ تعلقات کے حوالے سے ہوا ہے بلکہ بااعتماد دوست ملک کے حوالے سے ہوا ہے، ہم نے متعدد مسائل پر اتفاق کیا ہے۔
مزید انہوں نے کشمیری اور فلسطینی عوام کے حق میں آواز بلند کی اور کہا کہ مسلمانوں پر ظلم اب بند ہونا چاہیئے۔