اسلام آباد ( 92 نیوز) وزیر اعظم عمران خان سے وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے ملاقات کی ، ملاقات میں صوبہ پنجاب میں کورونا وائرس کی صورتحال ، روک تھام سے متعلق اقدامات پر گفتگو ہوئی ۔
وزیر اعظم اور وزیر اعلیٰ پنجاب کی ملاقات میں صنعتی عمل کی روانی خصوصاً حکومت کی جانب سے کھولی جانے والی صنعتوں میں حفاظتی تدابیر کو یقینی بنانے کے حوالےسے اقدامات پر بات چیت کی گئی ۔
ملاقات میں ذخیرہ اندوزی کے تدارک اور ماہ رمضان کے حوالے سے کیے جانے والے مختلف اقدامات پر غور کیا گیا ۔
سردار عثمان بزدارسے پنجاب ہاؤس اسلام آباد میں سینیٹر سرفراز بگٹی نے بھی ملاقات کی ، ملاقات میں عمومی صورتحال اور ملک میں کورونا کی وجہ سے پیدا ہونے والے حالات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
وزیر اعلیٰ عثمان بزدار نے سینیٹر سرفراز بگٹی کو کورونا کے سدباب کے لئے حکومت پنجاب کے اقدامات سے آگاہ کیا ، سینیٹر سرفراز بگٹی نے پنجاب میں کورونا سے بچاؤ اور سدباب کے لئے حکومتی اقدامات کی تعریف کی ۔
اس موقع پر سردار عثمان بزدار کا کہنا تھا کہ پنجاب کے عوام کو کورونا سے بچانا ہماری حکمت عملی کا محور ہے ، حکومت پنجاب نے سب سے پہلے کورونا کے خدشے کے پیش نظر پیشگی اقدامات کاآغاز کیا، جلد روزانہ 10ہزار کورونا ٹیسٹ کرنے کی صلاحیت حاصل کر لیں گے ۔