وزیر اعظم سے مولانا طارق جمیل کی ملاقات ، وزیر اعظم نے کورونا کیخلاف آگاہی مہم کو سراہا
اسلام آباد ( 92 نیوز) وزیر اعظم عمران خان سے معروف عالم دین طارق جمیل نے ملاقات کی ، عمران خان نے مولانا طارق جمیل کی کورونا کے خلاف آگاہی مہم کو سراہا۔
وزیر اعظم نے مولانا طارق جمیل سے ملاقات میں کہا کہ کورونا کی وبا سے نمٹنے کیلئے علمائے کرام کا تعاون درکار ہے، وہ جلد علمائے کرام کے وفد سے ملاقات کریں گے، رمضان المبارک کے پیش نظر علمائے کرام کی مشاورت سے لائحہ عمل مرتب کیا جائے گا۔
وزیر اعظم عمران خان سے مشیر خزانہ حفیظ شیخ نے بھی ملاقات کی ۔ مشیر خزانہ نے معاشی صورتحال پر بریفنگ دی اور پاکستان کو کورونا سے نمٹنے کےلئے آئی ایم ایف کی جانب سے 1 ارب 40 کروڑ ڈالر کے پیکیج بارے بھی آگاہ کیا۔مشیر خزانہ سے آئی ایم ایف سے متوقع ڈیل کے اثرات سے بھی وزیر اعظم کو آگاہ کیا۔
وزیرِ اعظم سے معاون خصوصی برائے سماجی تحفظ ڈاکٹر ثانیہ نشتر اور سینٹر فیصل جاوید نے ملاقات کی ، ڈاکٹر ثانیہ نشتر نے وزیرِ اعظم کو احساس ایمرجنسی کیش پروگرام کی پیش رفت سے آگاہ کیا۔
صوبائی وزیر صنعت پنجاب میاں اسلم نے وزیر اعظم سے ملاقات کی جس میں کورونا وائرس کے صنعتی عمل پر اثرات ، مختلف صنعتیں کھولے جانے اور مستقبل کے لائحہ عمل کے حوالے سے بات چیت ہوئی۔
وزیر برائے نیشنل فوڈ سیکیورٹی سید فخر امام کی وزیراعظم سے ملاقات ہوئی ۔ فخر امام نےگندم کی اسمگلنگ کی روک تھام، ٹڈی دل کے خاتمے کے حوالے سے اقدامات پر بریف کیا ۔ آئندہ سال معیاری گندم کی پیداوار حاصل کرنے کے لیے بہتر بیج کے استعمال کے حوالے سے تجاویز پر بھی بات چیت ہوئی ۔
وزیراعظم عمران خان سے وفاقی وزیر فیصل واوڈا کی ملاقات ، سندھ میں کورونا وائرس کی صورتحال پر قابو پانے کیلئے جاری اقدامات پر تبادلہ خیال کیا۔ محمود علی قصوری ٹرسٹ کے وائس چیئرمین ناصر محمود قصوری نے بھی عمران خان سے ملاقات کی اور وزیر اعظم کورونا ریلیف فنڈ کے لئے دو کروڑ روپے کا چیک پیش کیا۔۔