Tuesday, April 30, 2024

وزیرداخلہ احسن اقبال نے دھرنے والوں کو مذاکرات کی دعوت دے دی

وزیرداخلہ احسن اقبال نے دھرنے والوں کو مذاکرات کی دعوت دے دی
November 17, 2017

اسلام آباد (92 نیوز) وزیرداخلہ احسن اقبال نے دھر ے والوں کو مذاکرات کی دعوت دے دی، انہوں نے  کہا ہے کہ ختم نبوت کے حوالے سے مطالبات پر عمل ہوچکا، اب دھرنے کا کوئی جواز نہیں بنتا۔

اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیر داخلہ نے کہا کہ گزشتہ کئی روز سے جاری دھرنے کی وجہ سے لوگوں کا جینا اجیرن ہو چکا ہے۔ دھرنے کی وجہ سے طالبعلم نا تو اسکول جا سکتے ہیں اور نہ ہی مریض اسپتال پہنچ پا رہے ہیں۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ یقین دلاتا ہوں وزیرقانون زاہد حامد یا وفاقی حکومت نے ختم نبوت کے قانون میں ترمیم پیش نہیں کی تھی لیکن پوری پارلیمنٹ نے ختم نبوت کے حلف نامے کو اپنی اصل حالت میں بحال کر دیا ہے لہذا ختم نبوت کا حلف نامہ بحال ہونے کے بعد دھرنے کی کوئی ضرورت باقی نہیں رہتی۔

ان کا کہنا تھا کہ پارلیمنٹ نے ختم بنوت کے حوالے سے جو قانون پاس کیا ہے وہ قیامت تک کے لیے بہت بڑا کارنامہ ہے اور اس میں وزیر قانون زاہد حامد نے اہم کردار ادا کیا ہے۔

وفاقی وزیر داخلہ نے کہا کہ ہر مسلمان کا ختم نبوت پر ایمان اور یقین ہے، یہ ضروری نہیں کہ جس نے امامہ یا جبہ پہنا ہو وہی عاشق رسول ہو، پینٹ کوٹ اور ٹائی والا بھی ختم نبوت پر اتنا ہی یقین رکھتا ہے جتنا دوسرے لوگ۔

انہوں نے کہا کہ اس مظاہرے کی کوریج سے ہمارے دشمنوں کو پاکستان کو عالمی سطح پر بدنام کرنے کا موقع ملے گا، دنیا کہے گی کہ چند مذہبی انتہا پسندوں نے پاکستان کے دارالخلافہ کو یرغمال بنا لیا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ اسلام آباد ہائی کورٹ نے بھی ضلعی انتظامیہ کو حکم دیا ہے کہ وہ کسی بھی طریقے سے دھرنے کو ختم کروائیں اور میں ایک بار پھر دھرنے میں شریک جماعتوں کے رہنماؤں سے درخواست کرتا ہوں کہ پاکستان کے حالات اور ماضی کے تلخ تجربات کے پیش نظر اپنا دھرنا ختم کر دیں کیونکہ ان کا احتجاج ریکارڈ اور مطالبہ پورا ہو چکا ہے۔