اسلامی تعاون تنظیم کے وزارتی کونسل اجلاس کے سائیڈ لائن پر اماراتی، سوڈانی اور صومالی ہم منصب سے ملاقاتیں ہوئیں، دوطرفہ تعلقات، تجارت، سرمایہ کاری کے فروغ سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کی نائجر میں او آئی سی وزارتی کونسل کے اجلاس کے موقع پر اماراتی وزیر مملکت ریم الہاشمی سے ملاقات ہوئی۔ دوطرفہ تعلقات، کورونا وبائی صورتحال اور باہمی دلچسپی کے اُمور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
اماراتی ہم منصب نے اجلاس میں اسلاموفوبیا کے خلاف بھرپور آواز اٹھانے پر وزیر خارجہ شاہ محمود کا شکریہ ادا کیا۔ دونوں وزراء کے مابین آئندہ سال دبئی "ایکسپو" میں پاکستان کی شرکت پر بھی تبادلہ خیال ہوا۔
وزیر خارجہ نے پاکستانی شہریوں کو یو اے ای کے ویزہ کے حصول میں درپیش مشکلات سے اماراتی ہم منصب کو آگاہ کیا اورمشکلات کے جلد ازالے کی ضرورت پر زور دیا، فریقین نے دو طرفہ تعلقات کو مزید مستحکم بنانے پر اتفاق بھی کیا۔
وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے سوڈانی ہم منصب اسما عبداللہ سے بھی ملاقات کی۔ دوطرفہ تعلقات، تجارت، سرمایہ کاری کے فروغ سمیت باہمی دلچسپی کے اُمور پر تبادلہ خیال کیا۔ کہا، پاکستان، "انگیج افریقہ" حکمت عملی پر عمل پیرا ہے، باہمی سطح پر سکیورٹی، تعلیم، صحت، زراعت سمیت مختلف شعبوں میں تعاون کے مواقع موجود ہیں۔
صومالی ہم منصب سے ملاقات میں وزیر خارجہ نے پاکستان کی ’انگیج افریقہ‘ پالیسی پر روشنی ڈالی۔
صومالی وزیر خارجہ نے اپنے ملک میں امن و امان کی بہتر ہوتی صورتحال کے بارے میں آگاہ کیا اور بتایا کہ صومالیہ، انسداد دہشتگردی بارے پاکستانی تجربات سے استفادہ حاصل کرے گا۔
وزیر خارجہ شاہ محمود کی صومالی تعمیر و ترقی، معاشی بحالی میں تعاون جاری رکھنے کی یقین دہانی کرائی۔