لاہور (92 نیوز) وزیراعلی پنجاب عثمان بزدار نے ریسکیو ون ون ٹو ٹو موبائل ایپلی کیشن کا افتتاح کر دیا۔
وزیراعلیٰ آفس میں ریسکیو 1122 موبائل ایپلی کیشن کی افتتاحی تقریب ہوئی۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کمپیوٹر کا بٹن دبا کر ایپلی کیشن کو لانچ کیا۔
عثمان بزدار کا کہنا تھا موبائل ایپلی کیشن سے ایمرجنسی صورتحال میں بروقت رسپانس کرنے میں مدد ملے گی۔ پنجاب کے شہریوں کو انکی دہلیز پر ایمرجنسی سروسز کی فوری فراہمی کیلئے موبائل ایپلی کیشن کلیدی کردار ادا کرے گی۔ ریسکیو سروس اب تک ایک کروڑ سے زائد ایمرجنسی متاثرین کو ریسکیو کر چکی ہے۔ پنجاب کے دور درازعلاقوں میں ریسکیو ائیر ایمبولینس جلد شروع کر دی جائے گی۔ ریسکیو ائیر ایمبولینس کی منظوری دے دی ہے۔ پنجاب جنوبی ایشیاء کا پہلا صوبہ ہو گا جہاں ریسکیو ائیر ایمبولینس کا آغاز ہونے جا رہا ہے۔ پنجاب میں موٹر بائیکس ریسکیو سروس کا دائرہ کار باقی 27 اضلاع تک بڑھایا جا رہا ہے۔ بزدار ریسکیوسروس کا دائرہ کار جون تک ہر تحصیل تک بڑھا دیا جائے گا۔
ان کا کہنا تھا سسٹم کی ڈیجیٹلائزیشن سے شہریوں کو سروسز کی فراہمی بہتر بنانے میں مدد ملتی ہے۔ موبائل ایپ پنجاب کے شہریوں کو بروقت ایمرجنسی سروسز فراہم کرنے کیلئے ایک بہترین اقدام ہے۔ سروس کی توسیع کو مدنظر رکھتے ہوئے یہ موبائل ایپ ایک گیم چینجر ثابت ہو گی۔ ایمرجنسی سروسز فراہم کرنے کیلئے جائے حادثہ کے درست مقام تک رسائی حاصل ہو گی۔ یہ ایپ نہ صرف غیر ضروری کالز کو ختم کرے گی بلکہ پنجاب میں ایمرجنسی سروسز کے معیار کو بھی بہتر بنائے گی۔
وزیر اعلیٰ نے ایمرجنسی رسپانس اور ڈیٹا کی ڈیجیٹلائزیشن کے اقدام پر ڈی جی ریسکیو پنجاب اور آئی ٹی ٹیم کی کوششوں کو سراہاْ۔ ڈی جی ریسکیو سروسز پنجاب ڈاکٹر رضوان نصیر نے وزیراعلیٰ کو ریسکیو موبائل ایپ کی ورکنگ، آپریشن، ٹریکنگ اور دیگر خصوصیات کے بارے میں بریفنگ دی۔
ڈی جی ریسکیو سروسز ڈاکٹر رضوان نصیر کا کہنا تھا موٹر بائیک ریسکیو سروس نے بڑے شہروں میں ساڑھے 8 لاکھ سے زائد ایمرجنسیز میں 4 منٹ کے اوسط رسپانس ٹائم کے ساتھ شہریوں کو انکی دہلیز پر خدمات فراہم کیں جو کہ بین الاقوامی سطح پر ایک اعزاز ہے۔
ریسکیو 1122 شہریوں کو بہترین خدمات کی بروقت فراہمی کیلئے کوشاں ہے۔ پنجاب میں ریسکیو سروس کو مضبوط بنانے کیلئے تعاون فراہم کرنے پر وزیراعلیٰ عثمان بزدار کا شکریہ ادا کرتے ہیں۔
صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر یاسمین راشد، ترجمان پنجاب حکومت حسان خاور، چیف سیکرٹری، ایڈیشنل چیف سیکرٹری ہوم، ایڈیشنل چیف سیکرٹری، پرنسپل سیکرٹری وزیراعلیٰ، ڈی جی ریسکیو 1122، ریسکیو ہیڈ کوارٹرو ایمرجنسی سروسز اکیڈمی کے سینئر افسران، ڈائریکٹر ٹیلی نار اور موبائل ایپ کو تیار کرنے والی آئی ٹی ٹیم، سپیشل مانیٹرنگ یونٹ کے سربراہ اور متعلقہ افسران بھی اس موقع پر موجود تھے۔