Wednesday, December 7, 2022

وزیراعلیٰ سندھ کا لاہور کا طوفانی دورہ ،مختلف پروگراموں میں شرکت کی

وزیراعلیٰ سندھ کا لاہور کا طوفانی دورہ ،مختلف پروگراموں میں شرکت کی
لاہور(92نیوز)وزیراعلیٰ سندھ نےلاہور میں مصروف ترین دن گزارا۔ مراد علی شاہ کو لاہور کی سڑکوں پر ہونے والی ٹریفک جام کا بھی سامنا کرنا پڑا پنجاب آئی ٹی بورڈ کے دورہ کے دوران وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ حقیقی تبدیلی پنجاب میں لائی جا رہی ہے۔ تفصیلات کےمطابق وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ صبح سویرے کراچی سے لاہور پہنچے اور اپنی مصروفیات کا آغاز حضرت علی بن عثمان ہجویری المعروف داتاگنج بخش رحمتہ اللہ علیہ کے دربار پر حاضری سے کیا صوبائی وزیر رانامشہود بھی ان کے ہمراہ تھے جہاں انہیں چادر اور ٹوپی پیش کی گئی۔ مراد علی شاہ حاضری کے بعد گورنر ہاؤس پہنچے جہاں گورنرپنجاب ملک محمدرفیق رجوانہ نے ان کا استقبال کیا اور انہیں پرتکلف ناشتہ پیش کیا۔ بعدازاں وزیراعلیٰ سندھ نے سول سیکرٹریٹ پنجاب میں ہونے والے قومی مالیاتی کمیشن کے ورکنگ گروپ اجلاس میں شرکت کی۔ وزیراعلیٰ سندھ نے ارفع کریم ٹاور میں پنجاب آئی ٹی بورڈ کا خصوصی دورہ بھی کیاجہاں چیئرمین پی آئی ٹی بی ڈاکٹر عمرسیف نے انہیں بریفنگ دی اور ارفع ٹاور کا یادگاری ماڈل پیش کیا سید مراد علی شاہ نے مہمانوں کی کتاب میں اپنے تاثرات بھی قلمبند کیے۔ مراد علی شاہ وزیراعلیٰ پنجاب کی طرف سے دیئے گئے ظہرانے میں شرکت کے لیے ان کی رہائشگاہ پر پہنچے جہاں شہباز شریف نے ان کا استقبال کیا دونوں وزرائے اعلیٰ کی ملاقات میں مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیراعلیٰ سندھ نے فرانزک لیب کا دورہ کیا جبکہ بعض مقامات پر ٹریفک جام ہونے کی وجہ سے انہیں مشکلات کا بھی سامنا کرنا پڑا۔ سید مراد علی شاہ نے چار بجے لاہور پریس کلب میں میٹ دی پریس سے خطاب بھی کیا۔اور ساتھ ہی انہوں نے اپنے ہم شکل سے بھی ملاقات کی ۔