Thursday, December 1, 2022

وزیراعلیٰ سندھ نے وفاق کو بجلی کے بقایا جات ادا کرنے کی یقین دہانی کرا دی

وزیراعلیٰ سندھ نے وفاق کو بجلی کے بقایا جات ادا کرنے کی یقین دہانی کرا دی
کراچی (92نیوز) وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے وفاق کو بجلی کے بقایا جات کی ادائیگی کی یقین دہانی کرا دی۔ کہتے ہیں انیس بیس کا فرق رہ گیا۔ یہ فرق بھی جلد دور کرلیں گے۔ وزیرپانی و بجلی نے صوبے میں لوڈشیڈنگ کم کرنے اور وولٹیج کی کمی دور کرنے کا بھی یقین دلا دیا۔ تفصیلات کے مطابق مراد علی شاہ نے وزارت پانی وبجلی میں خواجہ آصف سے ملاقات کی۔ صوبہ سندھ میں بجلی کے بقایا جات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ سیپکو اورہیسکو کے ذمہ 70ارب کے بقایا جات بھی زیرغور آئے۔ وزیراعلیٰ سندھ نے صوبے میں لوڈشیڈنگ کے حوالے سے بھی بات کی۔ ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو میں وزیراعلیٰ سندھ کا کہنا تھا کہ 500 سے ایک ہزار میگاواٹ بجلی ونڈ سے پیدا کرینگے۔ وفاق سے منظور ی چاہئے تا کہ اسے نیشنل گرڈ سے منسلک کیا جائے۔ اس حوالے سے وزیرپانی و بجلی نے تعاون کی یقین دہانی کرائی ہے۔ وفاقی وزیرپانی وبجلی خواجہ آصف نے کہا کہ وزیراعلیٰ سندھ سے ملاقات اچھی رہی۔ بجلی کے بقایا جات کے حوالے سے کام کر رہے ہیں۔ مسئلے کو چند روز میں حل کر لیا جائیگا۔ ملاقات میں سیکرٹری پانی و بجلی یونس ڈھاگہ بھی شریک تھے۔