وزیراعلیٰ سندھ قائم علی شاہ نے پولیس کے تقرر وتبادلوں پر 3ماہ کے لئے پابندی لگا دی

کراچی (نائنٹی ٹو نیوز) وزیراعلیٰ سندھ قائم علی شاہ نے سندھ میں پولیس کی ٹرانسفرپوسٹنگ پر3ماہ کے لئے پابندی لگا دی اور کہا باقی اداروں پر بھی پابندی لگانے کا سوچ رہے ہیں۔
سندھ پولیس کی تنخواہ پنجاب پولیس سے زیادہ ہے۔ وہ آج وزیراعلیٰ ہائوس میں پریس کانفرنس کر رہے تھے۔
صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے سانحہ شکارپور کے ملزم گرفتار کرنے پر رینجرز اور پولیس کے لیے 50 لاکھ روپے کا اعلان کر دیا۔
ان کا کہنا تھا کہ سانحہ شکارپور گھناؤنا واقعہ تھا اور کہا کہ خودکش بمبار کو بلوچستان کے علاقے ڈیرہ مراد جمالی سے لایا گیا۔ ہم سانحہ شکارپور کے ملزموں کو کیفرکردار تک پہنچا کر دم لیں گے۔
مزید کہا کہ حکومت نے سانحے پر فوری ایکشن لیا، سستی کا مظاہرہ نہیں کیا۔ انہوں نے کہا کہ سانحہ شکارپور کا مقدمہ فوجی عدالت میں چلائیں گے۔
وزیراعلیٰ سندھ نےاس سے قبل سانحہ شکارپور میں شہید ہونے والوں کے ورثا کے لیے بھی 20-20 لاکھ اور سانحے میں زخمیوں کے لیے 2-2 لاکھ روپے دینے کی ہدایت کی تھی۔