Tuesday, April 30, 2024

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا پرویز خٹک کی زیرصدارت صوبائی کابینہ اجلاس، بدعنوانی کے خلاف مسودہ قانون منظور

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا پرویز خٹک کی زیرصدارت صوبائی کابینہ اجلاس، بدعنوانی کے خلاف مسودہ قانون منظور
August 1, 2015
پشاور (نائنٹی ٹو نیوز) خیبرپختونخوا میں کابینہ کا اجلاس وزیراعلیٰ پرویز خٹک کی صدارت میں پشاور میں ہوا جس میں احتساب ایکٹ میں ترمیم کے لئے وزیر بلدیات کی سربراہی میں کمیٹی قائم کر دی گئی ہے لیکن چترال میں سیلاب کی تباہ کاریوں اور امدادی سرگرمیاں زیربحث نہیں آئیں۔ بدعنوانی کے خلاف مسودہ قانون منظور کر لیا گیا۔ کرپشن کی نشاندہی کرنے والے کو ریکوری کی رقم کا تیس فیصد انعام ملے گا۔ خیبرپختونخوا کابینہ کا اجلاس وزیراعلیٰ پرویز خٹک کی صدارت میں پشاور میں ہوا۔ اجلاس میں صوبائی کابینہ نے خیبرپختونخوا وسل بلورز ایکٹ دو ہزار پندرہ، بورڈ آف انوسٹمنٹ اینڈ ٹریڈ ایکٹ دو ہزار پندرہ، سی ایم کے غریبوں کی فلاح وبہبود کے خصوصی فنڈ کے تحت ڈائیلاسز اور کڈنی ٹرانسپلانٹ کی مفت سہولت کی فراہمی کی منظوری دے دی۔ کابینہ اجلاس کے بعد صوبائی وزیر اطلاعات مشتاق احمد غنی نے پریس کانفرنس میں بتایا کہ وسل بلورز ایکٹ پر عملدرآمد یقینی بنانے کے لئے ویجیلینس کمیشن قائم کیا گیا ہے۔ کمیشن کسی بھی محکمہ سے کسی بھی شخص کی خدمات مستعار لے سکتا ہے۔ کابینہ اجلاس نے لوکل گورنمنٹ ایکٹ دو ہزار تیرہ، خیبرپختونخوا سول سرونٹس ایکٹ دو ہزار پندرہ اور خیبرپختونخوا احتساب ایکٹ دو ہزار چودہ میں ترامیم کی بھی منظوری دی۔ صوبائی وزیر کا کہنا تھا کہ احتساب ایکٹ میں ترمیم کے لئے سینئر صوبائی وزیر عنایت اللہ خان کی سربراہی میں کمیٹی تشکیل دی گئی ہے جو ایک ہفتہ میں ترامیم کر کے بل کا مسودہ تیار کرے گی۔ کابینہ اجلاس میں چترال سمیت صوبہ بھر میں سیلاب اور بارشوں سے ہونے والی تباہی اوراس ضمن میں امدادی سرگرمیاں زیرغور نہیں لائی گئیں۔