Saturday, July 27, 2024

وزیراعظم کی وفاقی کابینہ کو عام انتخابات کی تیاریاں کرنے کی ہدایت

وزیراعظم کی وفاقی کابینہ کو عام انتخابات کی تیاریاں کرنے کی ہدایت
February 4, 2017

اسلام آباد (92نیوز) عام انتخابات کی تیاریوں میں لگ جاؤ۔ وزیراعظم نوازشریف نے وفاقی کابینہ کے ارکان کو گرین سگنل دیدیا۔ لیگی ارکان پارلیمنٹ کو بھی اپنے اپنے حلقوں میں متحرک ہونے کی ہدایت کردی۔ وزیراعظم نے ارکان کو فنڈز کی کھلی پیشکش بھی کردی۔ مرحلہ وار ملاقاتوں کا شیڈول مرتب کرلیا گیا۔

تفصیلات کے مطابق اگلے سال عام انتخابات کے پیش نظر مسلم لیگ (ن) نے تیاریوں کے لئے منصوبہ بندی شروع کردی۔ اسی حوالے سے وزیراعظم نوازشریف بھی خصوصی طور پر سرگرم ہوگئے ہیں۔ انہوں نے وفاقی کابینہ کے ارکان کو عام انتخابات کی تیاریوں کے لئے گرین سگنل بھی دیدیا۔

مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما نے انکشاف کیا ہے کہ مختلف شہروں میں ورکرز کنونشن اور ان سے وزراء کا خطاب بھی انتخابی تیاریوں کی ہی ایک کڑی ہے۔ ذرائع کے مطابق وزیراعظم نے ارکان پارلیمنٹ کو بھی اپنے اپنے حلقوں میں متحرک ہونے کی ہدایت کردی ہے۔

وزیراعظم کی ارکان پارلیمنٹ سے ملاقاتوں کا شیڈول بھی مرتب کرلیا گیا ہے۔ وزیراعظم مرحلہ وار سب کو بلائیں گے اور بجلی، گیس، سڑکوں کی تعمیر کے لئے مطلوبہ فنڈز کی فراہمی کی یقین دہانی بھی کرائینگے۔ وزیراعظم نے لیگی ارکان کو اس بارے میں کھلی پیشکش بھی کی ہے کہ بتا دیں کتنے فنڈز چاہئیں؟

دوسری جانب یہ بھی فیصلہ کیا گیا ہے کہ 2018ء کے انتخابات میں زیادہ تر ٹکٹ موجودہ اراکین قومی اسمبلی کو ہی دیئے جائیں گے۔ وزیراعظم مشاورتی اجلاس میں بھی یہ بات واضح کرچکے ہیں کہ پاناما لیکس کیس میں جو بھی فیصلہ آیا انتخابات کےلئے تیار رہنا چاہئے۔