Saturday, July 27, 2024

وزیراعظم کی نااہلی کیلئے دائر درخواستوں پر الیکشن کمیشن میں سماعت جاری

وزیراعظم کی نااہلی کیلئے دائر درخواستوں پر الیکشن کمیشن میں سماعت جاری
August 3, 2016
اسلام آباد (92نیوز) الیکشن کمیشن وزیراعظم نواز شریف کے خلاف نااہلی کےلئے دائر درخواستوں کی سماعت آج کر رہا ہے۔ پیپلز پارٹی، تحریک انصاف، عوامی مسلم لیگ اور پاکستان عوامی تحریک کی جانب سے درخواستیں دائر کی گئی ہیں۔ تفصیلات کے مطابق تحریک انصاف کی رہنما ڈاکٹر یاسمین کی 24 جون 2016ءکو دائر کی گئی درخواست میں موقف اپنا یا گیا ہے کہ وزیراعظم نوازشریف نے 2013ءکے کاغذات نامزدگی میں حقائق چھپائے۔ مریم نواز 2006ءمیں آف شور کمپنیوں کی مالک تھیں اور وزیراعظم نے ٹیکس گوشواروں میں انہیں اپنے زیرکفالت ظاہر کیا۔ پیپلز پارٹی کی جانب سے وزیراعظم نواز شریف‘ وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف، حمزہ شہباز، اسحاق ڈار اور کیپٹن ریٹائرڈ صفدر کو نااہل قرار دینے کی درخواست 27جون کو دائر کی گئی۔ پیپلز پارٹی نے یہ موقف اپنایا ہے کہ انکم ٹیکس گوشواروں میں وزیراعظم اور ان کے اہل خانہ نے حقائق چھپائے۔ یوں وزیراعظم آئین کے آرٹیکل 62 اور 63 پر پورا نہیں اترتے۔ پاکستان عوامی تحریک نے 30 جون کو الیکشن کمیشن میں درخواست دائر کی کہ کاغذات نامزدگی اور انکم ٹیکس گوشواروں میں وزیراعظم نے جان بوجھ کر بچوں کے اثاثوں کا ذکر نہیں کیا، انہیں نااہل قرار دیا جائے۔ 15 جولائی کو عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید نے الیکشن کمیشن میں درخواست دائر کی اور موقف اختیار کیا کہ وزیراعظم نے قوم سے آف شور کمپنیاں چھپائیں۔ اپوزیشن کی یہ الگ الگ درخواستیں الیکشن کمیشن کی غیرفعالی کے دوران دائر کی گئیں۔ اب الیکشن کمیشن ان درخواستوں کی ابتدائی سماعت آج ایک ساتھ کرے گا۔ تمام درخواست گزاروں کو نوٹس بھجوائے جا چکے ہیں۔