Tuesday, January 18, 2022
براہراست ٹی وی براہراست نشریات(UK) آج کا اخبار English News
English News آج کا اخبار
براہراست ٹی وی براہراست نشریات(UK)

وزیراعظم کی زیر صدارت اہم اجلاس ،سانحہ چارسدہ کا معاملہ افغان حکومت سے بھرپور طریقے سے اٹھانے کا فیصلہ

وزیراعظم کی زیر صدارت اہم اجلاس ،سانحہ چارسدہ کا معاملہ افغان حکومت سے بھرپور طریقے سے اٹھانے کا فیصلہ
February 1, 2016
اسلام آباد(92نیوز)سیاسی و عسکری قیادت کے  اعلی سطح کے  اجلاس میں سانحہ چار سدہ کا معاملہ افغان حکومت سے بھر پور طریقے سے اٹھانے اوردہشتگردی کے خاتمے تک آپریشن جاری رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے وزیر اعظم کہتے ہیں بچوں کو خوفزدہ کرکے سکول جانے سے روکنے والوں کو شکست دیں گے ۔ تفصیلات کےمطابق وزیر اعظم نواز شریف کی زیر صدارت قومی اور علاقائی سلامتی سے متعلق اعلی سطح کا اجلاس ہوا۔اجلاس میں آرمی چیف جنرل راحیل شریف۔ڈی جی آئی ایس آئی لیفٹننٹ جنرل رضوان اختر۔وزیر داخلہ چوہدری نثار۔مشیر قومی سلامتی امور لیفٹننٹ جنرل ر ناصر جنجوعہ سول اور عسکری حکام نے شرکت کی۔ اجلاس میں نیشنل ایکشن پلان پر عملدرآمد ملک سے دہشتگردی کے خاتمے سمیت علاقائی امور پر غور کیا گیا ترجمان وزیر اعظم ہاؤس کا کہنا ہے کہ اجلاس میں آپریشن ضرب عضب اور نیشنل ایکشن پلان کے نتائج پر اطمینان کا اظہار کیا گیا اور پاک فوج کی لازوال قربانیوں کو سراہا گیا۔ وزیر اعطم نواز شریف کا کہنا تھا کہ دہشتگردی کے خاتمے کے لیے حکومت اور قوم کا جذبہ غیر متزلزل ہے۔ملک کے ہر کونے سے دہشتگردی اور انتہا پسندی کو ختم کریں گے کیونکہ نیشنل ایکشن پلان پر عمل درآمد ہر کسی کی خواہش ہے۔انھوں نے کہا کہ بچوں کو خوفزدہ کرکے سکول جانے سے روکنے والوں کو شکست دیں گے۔ نیشنل ایکشن پلان پر کامیابی سے عمل درآمد انہتائی ضروری ہے۔ ذرائع نے بتایا کہ اجلاس میں سانحہ چار سدہ اور پٹھان کوٹ کے معاملے میں ہونے والی پیش رفت کا جائزہ لیا گیا اور فیصلہ کیا گیا کہ سانحہ چار سدہ سے متعلق افغان حکومت سے معاملہ بھر پور طریقے سے اٹھایا جائے گا اور ناقابل تردید شواہد بھی افغان حکومت فراہم کیے جائین گے پٹھان کوٹ واقعہ سے متعلق قومی سلامتی کے مشیر ناصر جنجوعہ نے بریفنگ دی۔