وزیراعظم کی زیادتی کے مجرموں کو سخت سزائیں دینے کیلئے آرڈیننس لانے کی ہدایت
اسلام آباد (92 نیوز) وزیراعظم عمران خان نے زیادتی کے مجرموں کو سخت سزائیں دینے کیلئے آرڈیننس لانے کی ہدایت کردی۔
وزیراعظم عمران خان سے وزیرقانون فروغ نسیم اور وزیر انسانی حقوق شیریں مزاری نے ملاقات کی۔ اسلام آباد میں ہونے والی ملاقات میں بیرسٹر علی ظفر بھی شریک تھے۔ ملاقات کے دوران زیادتی کے مجرمان کی سزاوں کے حوالے سے بات چیت ہوئی۔
وزیر اعظم عمران خان نے کہا کہ بچوں اور خواتین کے ساتھ زیادتی کے مجرموں کے خلاف سخت قانون لایا جائے۔ ایسا قانون لائیں کہ مثاثرہ خواتین یا بچے بلا خوف و خطر اپنی شکایات درج کرا سکیں۔
وزیر اعظم نے کہا کہ قانون میں متاثرہ خواتین و بچوں کی پرائیویسی کے تحفط کا خاص خیال رکھا جائے۔ہم نے اپنے معاشرے کو محفوظ ماحول دینا ہے۔ ذرائع کے مطابق زیادتی کے مجرموں کو سخت سزائیں دینے کا آرڈیننس آئندہ کابینہ اجلاس میں پیش ہونے کا امکان ہے۔