Saturday, July 27, 2024

وزیراعظم کی زبان میں نرمی کے بجائے سختی آ گئی : اپوزیشن لیڈر

وزیراعظم کی زبان میں نرمی کے بجائے سختی آ گئی : اپوزیشن لیڈر
February 7, 2016
سکھر (92نیوز) قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر خورشید شاہ نے کہا ہے کہ جہاں جمہوریت ہوتی ہے وہاں احتجاج کا مکمل حق ہوتا ہے۔ وزیراعظم کی زبان میں نرمی کی بجائے سختی آ گئی ہے۔ پی آئی اے سے متعلق بل جلدبازی میں منظور کرایا گیا۔ کروڑوں روپے کا نقصان ہوگیا مگر حکومت بضد ہے۔ تفصیلات کے مطابق اپوزیشن لیڈر خورشید شاہ نے سکھر میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ وہ وزیراعظم سے بات کرنے کے لیے ان کے پارلیمنٹ میں آنے کے منتظر ہیں۔ اورنج ٹرین منصوبے میں عوام کا پیسا خرچ ہو رہا ہے‘ کول پاور پراجیکٹ سے ساہیوال کونقصان پہنچے گا۔ قائد حزب اختلاف کا کہناتھا کہ وہ قوم کے سامنے جوابدہ ہیں۔ سارے منصوبے ختم کرکے بھاشاڈیم‘ داسو اور نیلم جہلم پراجیکٹ بنائے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ وہ وزیرداخلہ چودھری نثارپرکوئی تبصرہ کرنا نہیں چاہتے۔ پی آئی اے بحران پر بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ڈائیلاگ کے بجائے ماردھاڑ ہوئی جس سے قیمتی جانیں ضائع ہوئیں۔