لاہور(92نیوز)وزیر ا عظم محمد نواز شریف لاہور میں جہانگیر بدر کے گھر گئےپیپلز پارٹی کے رہنما کے اہلخانہ سے تعزیت کی کہا کہ جہانگیر بدر منجھے ہوئے سیاستدان تھے۔
تفصیلات کےمطابق وزیر اعظم محمد نواز شریف اپنے صاحبزادے حسین نواز کے ساتھ جہانگیر بدر کی رہائش گاہ پہنچے اور ان کے بیٹوں اور دیگر اہلخانہ سے تعزیت کی ۔ مرحوم کیلئے فاتحہ خوانی کے بعد باہر آئے اور میڈیا سے گفتگو کی۔ نواز شریف نے کہا کہ جہانگیربدراچھے سیاستدان اور نفیس انسان تھے ان کے ساتھ اچھی یادیں وابستہ ہیں بہت ہی سیدھی بات کرتے تھے۔
وزیر اعظم نے کہا کہ جہانگیر بدر سے میرا تعلق کئی سال پہلے قائم ہوا ان کی شادی میں بھی شرکت کی تھی ۔ انہوں نے مرحوم کے بیٹوں کے سر پر ہاتھ پھیرتے ہوئے دلاسہ دیا اور کہا کہ اب یہ تعلق ان کی اولاد کے ساتھ بھی جاری رہے گا وزیر اعظم محمد نواز شریف کی آمد کے موقع پر سکیورٹی کے انتہائی سخت انتظامات کئے گئے تھے۔