راولپنڈی ( 92 نیوز) شب معراج کے موقع پر وزیراعظم عمران خان نے راولپنڈی کے علاقے پیرو دھائی میں قائم پناہ گاہ کا اچانک دورہ کیا ،کہتے ہیں بے گھر اور بے سہارا افراد کی کفالت ریاست کی ذمہ داری ہے ۔
شب معراج کی مبارک رات کے موقع پر وزیراعظم نے پیرودھائی کی پناہ گاہ کا اچانک دورہ کیا اور وہاں مہیا سہولیات کا جائزہ لیا ۔
وزیراعظم نے پناہ گاہ میں رہائش پذیر افراد سے سہولیات کے بارے میں استفساربھی کیا ، مناسب سہولیات کی دستیابی پر وزیراعظم نے اطمینان کا اظہارکیا ۔
اس موقع پر وزیراعظم کا کہنا تھا بے گھر اور بے سہارا افراد کی کفالت ریاست کی ذمہ داری ہے ،تحریک انصاف حکومت نادار افراد کی کفالت کے حوالے سے ہر ممکن کوشش کرے گی ۔
وزیراعظم نے کہا پورے ملک میں مزید پناہ گاہیں قائم کرنے کے ساتھ موجودہ پناہ گاہوں کو مزید وسیع کیا جائے گا تا کہ زیادہ افراد مستفید ہو سکیں ۔
وزیراعظم کا کہنا تھا پناہ گاہوں کی تعمیر کے سلسلے میں مخیر حضرات کا تعاون اور پیشکش حوصلہ افزا ہے ۔