Sunday, September 15, 2024

وزیراعظم کا حریت رہنما سید علی گیلانی کو خط‘ پاکستان آنے کی باضابطہ دعوت

وزیراعظم کا حریت رہنما سید علی گیلانی کو خط‘ پاکستان آنے کی باضابطہ دعوت
October 10, 2015
اسلام آباد (92نیوز) وزیراعظم نواز شریف نے حریت رہنما سید علی گیلانی کو خط لکھ کر پاکستان آنے کی باضابطہ دعوت دی ہے۔ وزیراعظم نواز شریف نے خط میں حریت قیادت کو یقین دلایا کہ کشمیری عوام کی سفارتی‘ اخلاقی اور سیاسی مدد جاری رکھی جائے گی‘ علی گیلانی نے دعوت قبول کر لی۔ تفصیلات کے مطابق وزیراعظم نواز شریف نے حریت رہنما سید علی گیلانی کو خط لکھ کر پاکستان آنے کی دعوت دی ہے۔ وزیراعظم نواز شریف کا خط نئی دہلی میں پاکستان کے ہائی کمشنر عبدالباسط نے حریت رہنما کو پہنچایا۔ وزیراعظم نے حریت رہنما سید علی گیلانی کے نام خط میں یقین دہانی کرائی کہ کشمیری عوام کی سفارتی‘ اخلاقی اور سیاسی مدد جاری رکھی جائے گی۔ وزیراعظم نے کہا کہ کشمیر تقسیم برصغیر کا نامکمل ایجنڈا ہے‘ اس ایجنڈے کو نظرانداز کرکے پاک بھارت دوستانہ تعلقات کا خواب خود فریبی کے سوا کچھ نہیں۔ وزیراعظم نے کہا کہ کشمیری عوام کے استصواب رائے کے حق پر عمل پوری مہذب دنیا کی ذمہ داری ہے۔ حریت ترجمان کے مطابق نئی دہلی میں پاکستان کے ہائی کمشنر عبدالباسط نے جمعہ کونئی دہلی میں اپنی رہائش گاہ پر سید علی گیلانی کو عشائیہ پر مدعو کیا تھا جہاں انہوں نے وزیراعظم نواز شریف کا خط علی گیلانی کے حوالے کیا۔ حریت ترجمان کے مطابق وزیراعظم نواز شریف نے علی گیلانی کو خط میں پاکستان آنے کی دعوت دیتے ہوئے لکھاکہ وہ کشمیر کی تازہ صورتحال پر حریت قیادت کے خیالات سے مستفید ہونا چاہتے ہیں۔ حریت رہنما کے مطابق علی گیلانی نے دورہ پاکستان کی دعوت قبول کر لی ہے اور کہا ہے کہ اللہ کے بعد پاکستان ہی کشمیریوں کا سہارا ہے جو کھل کر تمام بین الاقوامی فورمز پر کشمیریوں کی وکالت کرتا ہے۔