وزیراعظم کا بلوچستان کے ناراض قوم پرستوں سے مذاکرات کا عندیہ
گوادر (92 نیوز) وزیراعظم عمران خان نے بلوچستان کے ناراض قوم پرستوں سے مذاکرات کا عندیہ دے دیا۔ کہتے ہیں ماضی میں وفاق ہی نہیں یہاں کے سیاستدانوں نے بھی بلوچستان سے انصاف نہیں کیا۔
افغانستان میں نقص امن کا خدشہ ظاہر کرتے ہوئے بولے افغان مسئلہ کے کسی سیاسی حل کیلئے طالبان سے بات کررہے ہیں۔ افغانستان کی صورت حال انتہائی پیچیدہ ہے، امریکا کو بھی سمجھ نہیں آ رہی کہ افغانستان میں کیا ہو رہا ہے یا ایک ماہ میں وہاں کیا حالات ہوں گے، افغانستان میں سب سے بڑا لوزر بھارت ہے۔
انہوں نے کہا، پاکستان نے افغانستان کے معاملے پر واضح موقف اپنایا ہے اور اس پر قائم ہے، افغان مسئلے کا کوئی فوجی حل نہیں ہے، افغانستان کے مستقبل کا فیصلہ افغان فریقین نے کرنا ہے جو افغان عوام کے لئے قابل قبول ہو۔ دنیا نے افغانستان پر توجہ نہ دی تو وہاں مزید خونریزی ہوگی۔