Saturday, February 4, 2023

وزیرِاعظم پہلے دن سے ہی اسمارٹ لاک ڈاؤن پالیسی پر زور دے رہے ہیں ، فیاض چوہان

وزیرِاعظم پہلے دن سے ہی اسمارٹ لاک ڈاؤن پالیسی پر زور دے رہے ہیں ، فیاض چوہان
لاہور (92 نیوز) وزیر اطلاعات پنجاب فیاض الحسن چوہان کہتے ہیں وزیرِاعظم عمران خان پہلے دن سے ہی اسمارٹ لاک ڈاؤن کی پالیسی پر زور دے رہے ہیں۔ فیاض الحسن چوہان کا کہنا ہے کہ پنجاب میں سردار عثمان بزدار وزیراعظم عمران خان کے ویژن کے مطابق معاملات چلا رہے ہیں۔ اسمارٹ اور ٹارگٹڈ لاک ڈاؤن ہی کرونا پھیلاؤ کو روکنے کا بہترین ذریعہ ہے۔ سخت اور کرفیو سٹائل لاک ڈاؤن معیشت اور غریب عوام کے لیے زہرِ قاتل ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت میں شدید سخت لاک ڈاؤن کے منفی اثرات ہمارے سامنے ہیں۔ وہاں اب تک تقریباً 10 ہزار اموات اور روزانہ تقریباً 12 ہزار نئے کیسز سامنے آ رہے ہیں۔ بھارت کی 34 فیصد آبادی خطِ غربت سے نیچے چلی گئی ہے۔ سخت لاک ڈاؤن کے باعث سب سے زیادہ صحت کا بجٹ دینے والا شہر نیو یارک دیوالیہ ہو گیا ہے۔ صوبائی وزیر بولے کہ پنجاب حکومت اب تک ایس او پیز کی خلاف ورزی پر 7000 سے زائد کارروائیاں کر چکی ہے۔ کارروائیاں صنعتی یونٹس، دکانوں، مارکیٹوں اور ٹرانسپورٹ کے خلاف کی گئی ہیں۔ اُن کا مزید کہنا تھا یہ وقت تنقید کے بجائے متحد ہو کر کورونا کو شکست دینے کا ہے۔ عوام اور تاجر برادری سے گزارش ہے کہ ایس او پیز پر عملدرآمد کر کے اپنا مثبت کردار ادا کریں۔