Saturday, July 27, 2024

وزیراعظم نے کمرشل اور صنعتی گیس کنکشن پر عائد پابندی ختم کرنے کی منظوری دیدی

وزیراعظم نے کمرشل اور صنعتی گیس کنکشن پر عائد پابندی ختم کرنے کی منظوری دیدی
April 10, 2017
اسلام آباد(92نیوز)وزیراعظم نے کمرشل اور صنعتی گیس کنکشن پر عائد پابندی ختم کرنے کی منظوری دیدی نئی گھریلو گیس سکیموں کیلئے آر ایل این جی سپلائی کی جائے گی وزیراعظم نوازشریف کہتے ہیں کہ بجلی کی لوڈشیڈنگ ختم کرنے کیلئے حکومت اقدامات اٹھارہی ہے۔ تفصیلات کےمطابق وزیراعظم نوازشریف کی زیر صدارت کابینہ کمیٹی برائے توانائی کا اجلاس ہوا جس میں وزیراعظم نے کمرشل اور صنعتی گیس کنکشن پر عائد پابندی ختم کرنے کی منظوری دیدی ہے ۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ نئی گھریلو گیس سکیموں کیلئے آر ایل این جی سپلائی کی جائے گی۔ نئے صنعتی اور کمرشل گیس کنکشن کیلئے  بھی آر ایل این جی فراہم کی جائے گی ۔ اجلاس میں سیکریٹری پانی وبجلی نے  بریفنگ میں بتایا کہ موسم کی تبدیلی کے باعث بجلی کی طلب میں اضافہ ہوا ہے ۔ان کاکہناتھا کہ سال کے آخر میں نیشنل گریڈ 5ہزار 710 میگاواٹ بجلی شامل ہوگی۔اجلاس میں سرکلرڈیٹ اور لائن لاسز کے معاملے پر بھی تبادلہ خیال گیا گیا ۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نوازشریف نے کہاکہ حکومت بجلی کی لوڈشیڈنگ ختم کرنے کیلئے اقدامات اٹھارہی ہے وزیراعظم نے توانائی منصوبوں کو بروقت مکمل کرنے کی بھی ہدایت کی ۔اجلاس میں وفاقی وزرا ،اسحاق ڈار ،خواجہ آصف ،احسن اقبال اور وزیر اعلیٰ پنجاب نے شرکت کی ۔