Tuesday, November 29, 2022

وزیراعظم نے چار سوالوں کا جواب نہ دیا تو رائیونڈ جاﺅں گا : عمران خان

وزیراعظم نے چار سوالوں کا جواب نہ دیا تو رائیونڈ جاﺅں گا : عمران خان
لاہور (92نیوز) تحریک انصاف کے سربراہ عمرا ن خان نے وزیراعظم نواز شریف سے چار سوالوں کا جواب مانگ لیا اور جواب نہ ملنے کی صورت میں عید کے بعد رائیونڈ کا رخ کرنے کا اعلان کر دیا۔ کہتے ہیں نواز شریف نے تمام ادارے کرپٹ کر دیے۔ نظام بچانے کیلئے سڑکوں پر نکلے ہیں۔ سپریم کورٹ سے وزیراعظم کا نام ای سی ایل میں ڈالنے کی اپیل کر دی۔ تفصیلات کے مطابق تحریک انصاف کا احتساب مارچ چیئرنگ کراس پہنچنے پر کپتان نے دھواں دار خطاب کیا۔ عمران خان نے کہا کہ نواز شریف ٹی او آرز میں چار سوالوں کا جواب دیدیں۔ سچ بول رہے ہیں تو لندن جائیداد کے کاغذات دکھا دیں۔ جائیداد خریدنے کیلئے پیسہ کہاں سے آیا۔ پیسہ ملک سے باہر کیسے گیا اور کیا پیسہ لے جاتے ہوئے اس پر ٹیکس دیا گیا؟ عمران خان نے اپنے خطاب میں چیئرمین نیب کو بھی آڑے ہاتھوں لیا اور انہیں شریف خاندان کا ذاتی ملازم قرار دیا۔ سربراہ پی ٹی آئی نے کہا کہ نوازشریف نے تمام اداروں میں اپنے لوگ بٹھائے ہوئے ہیں۔ کپتان نے ایک مرتبہ پھر سپریم کورٹ جانے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ امید ہے کہ انصاف ملے گا۔ چیئرمین تحریک انصاف نے کہا کہ جنرل آصف نواز جنجوعہ، جسٹس کاظم علی ملک سمیت ہر اس شخص کو سلام پیش کرتا ہوں جن کو نواز شریف نے خریدنے کی کوشش کی لیکن وہ نہیں بکے۔ عمران خان نے ایکسٹینشن لینے سے انکار کرنے پر چیف آف آرمی اسٹاف جنرل راحیل شریف کو بھی سلام پیش کیا۔