Saturday, July 27, 2024

وزیراعظم نوا زشریف کی زیرصدارت کابینہ نیشنل سکیورٹی کمیٹی کا اجلاس، آرمی چیف سمیت اعلیٰ عسکری حکام کی شرکت

وزیراعظم نوا زشریف کی زیرصدارت کابینہ نیشنل سکیورٹی کمیٹی کا اجلاس، آرمی چیف سمیت اعلیٰ عسکری حکام کی شرکت
April 6, 2016
اسلام آباد (نائنٹی ٹو نیوز) وزیراعظم نوازشریف کی زیرصدارت کابینہ کی قومی سلامتی کمیٹی کا اجلاس اسلام آباد میں ہوا۔ سیاسی اور عسکری قیادت کا بھارتی خفیہ ایجنسی سمیت دیگر غیرملکی ایجنسیوں کی پاکستان میں مداخلت کا معاملہ اٹھانے پر اتفاق ہوا۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا ہے کہ دشمن ملک کے جارحانہ عزائم کو ناکام بنانے کیلئے تمام تر وسائل بروئے کار لائے جائینگے۔ وزیراعظم نوازشریف کی زیرصدارت کابینہ کی قومی سلامتی کمیٹی کا اجلاس اسلام آباد میں ہوا۔ اجلاس میں آرمی چیف جنرل راحیل شریف، جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی، نیول چیف اور ائیر چیف، ڈی جی آئی ایس آئی نے شرکت کی۔ اجلاس میں وزیر داخلہ چوہدری نثار، وزیر خزانہ اسحاق ڈار اور قومی سلامتی کے مشیر لیفٹننٹ جنرل ریٹائرڈ ناصر جنجوعہ بھی شریک ہوئے۔ اجلاس میں قومی سلامتی کے امور سے متعلق مشاورت کی گئی۔ اجلاس میں دہشت گردی کے خلاف جاری کاروائیوں پر اطمینان کا اظہار کیا گیا جبکہ اجلاس کو قومی سلامتی کیلئے اٹھائے گئے اقدامات پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ شرکاء کو امریکہ میں ہونیوالی جوہری کانفرنس کی سفارشات سے متعلق بھی بریفنگ دی گئی۔ اجلاس میں بتایا گیا کہ یہ بات خوش آئند ہے کہ عالمی برادری نے پاکستان کے جوہری اثاثوں کی سیکیورٹی کے معیار کو سراہا اور اس پر اطمینان کا اظہار کیا ہے۔ اجلاس میں بھارتی خفیہ ایجنسی سمیت پاکستان کو کمزور کرنے والی قوتوں کی سازشوں پر تشویش کا اظہار کیا گیا۔ اجلاس میں را کے گرفتار جاسوس کلبھوشن یادیو کے پاکستان میں نیٹ ورک اور سرگرمیوں بارے بھی مشاورت کی گئی جبکہ پٹھان کوٹ واقعہ کی تحقیقات کے اگلے مرحلے کی حکمت عملی پر بھی غور کیا گیا۔ اجلاس میں مسلح افواج کے ترقیاتی پروگرام پر عملدرآمد اور امریکہ سے ایف سولہ طیاروں کی خریداری کے معاملے پر بھی تفصیلی بات چیت کی گئی۔