وزیراعظم عمران خان کی وفاق اور صوبوں کو پولیو کیخلاف مؤثر مہم چلانے کی ہدایت

اسلام آباد (92 نیوز) وزیراعظم عمران خان نے پولیو کے بڑھتے کیسز پر گہری تشویش کا اظہار کیا اور وفاق ، صوبوں کو پولیو کیخلاف مؤثر مہم چلانے کی ہدایت کر دی۔
وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت اجلاس میں پولیو مہم پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ اعلامیہ کے مطابق بریفنگ میں بتایا گیا ملک کے دیگر حصوں خصوصاً بنوں میں پولیو کیسز سامنے آئے۔ پولیو کیسز گزشتہ سال کی ناقص حکمت عملی کا نتیجہ ہے۔ فوکل پرسن برائے انسداد پولیو نے 4 نکاتی نئی حکمت عملی سے شرکاء کا آگاہ کیا۔ فوکل پرسن کا کہنا تھا کہ انسداد پولیومہم میں آگہی کیلئے میڈیا اور سوشل میڈیا کو شامل کیا جائے گا۔
وزیر اعظم عمران خان نے پولیو کے بڑھتے کیسز پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا پولیو کا خاتمہ حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ وزیراعظم نے وفاق اور صوبوں کو پولیو کے خلاف موثر مہم چلانے کی ہدایت کی۔ پاک فوج نے پولیو ٹیموں کو مکمل سکیورٹی فراہم کرنے کی یقین دہانی کرائی۔
ملک کے دور دارز علاقوں میں رسائی اور بچوں کو پولیو قطروں کی فراہمی میں پاک فوج معاونت کرے گی۔ بین الاقوامی اداروں نے بھی پاکستان میں پولیو کے خاتمے کیلئے بھرپور تعاون کی یقین دہانی بھی کرائی۔
اجلاس میں مائیکروسافٹ کے بانی بل گیٹس کا وزیراعظم کو لکھا گیا خط بھی پیش کیا گیا جس میں انھوں نے خیبرپختونخوا میں بڑھتے ہوئے پولیو کیسز پر اجلاس طلب کرنے پر وزیراعظم کا شکریہ ادا کیا۔ انسداد پولیو مہم پر حکومت پاکستان کو خراج تحسین پیش کیا ۔
بل گیٹس کا کہنا تھا انسداد پولیو کے لیے والدین کے ذہنوں سے شکوک و شبہات نکالنا انتہائی ضروری ہیں - بل گیٹس نے ستمبر میں اقوام متحدہ کے اجلاس کے دوران وزیراعظم سے ملاقات کی خواہش کا بھی اظہار کیا۔