Tuesday, April 30, 2024

وزیراعظم عمران خان سے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کی ملاقات

وزیراعظم عمران خان سے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کی ملاقات
August 22, 2019
 راولپنڈی (92 نیوز) وزیراعظم عمران خان سے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کی ملاقات ہوئی۔ ذرائع کے مطابق ملاقات میں سکیورٹی سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ مدت ملازمت میں توسیع کے بعد آرمی چیف کی وزیراعظم سے پہلی ملاقات ہے۔ وزیراعظم عمران خان نے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کی مدت ملازمت میں تین سال یعنی فل ٹرم توسیع کردی ہے۔ توسیع دینے کا فیصلہ کشمیر کی صورتحال ،ملک اور خطے میں جنرل باجوہ کی امن کاوشوں کے تناظر میں کیا گیا ۔ جنرل قمر جاوید باجوہ نے 29 نومبر 2016ء کو سابق آرمی چیف جنرل راحیل شریف کی سبکدوشی کے بعد بحیثیت 10 ویں آرمی چیف ذمہ داریاں سنبھالیں۔ جنرل قمر جاوید باجوہ نے انسداد دہشتگردی کی جنگ کو کامیابی سے آگے بڑھایا، آپریشن ردالفساد، خیبر آپریشنز کا آغاز کیا۔ ملک میں امن و امان بہتر ، قبائلی علاقہ جات ، بلوچستان کی ترقی،سی پیک کی ترقی اور کرتارپور راہداری کیلئے کلیدی کردار ادا کیا۔ آرمی چیف نے عالمی سطح پر پاکستان کے بہتر تشخص ، دوست ممالک کے ساتھ عسکری سفارتکاری کے فروغ میں اہم کردار ادا کیا۔ جنرل قمر جاوید باجوہ خطے میں بھارتی عزائم ،مشرقی سرحد، ورکنگ باؤنڈری اور لائن آف کنٹرول پر جنگی حکمت عملی پر مہارت رکھتے ہیں جبکہ دیرپا علاقائی امن کیلئے افغان مفاہمتی عمل میں بھی کلیدی کردارکر رہے ہیں۔ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کی مدت ملازمت میں توسیع پر چین نے خیرمقدم کیا ہے ۔ چینی وزارت خارجہ کا کہنا ہے جنرل قمر جاوید باجوہ پاک فوج کے غیرمعمولی صلاحیتوں کے مالک لیڈر ہیں۔ چینی وزارت خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ جنرل قمر جاوید باجوہ کی مدت ملازمت میں توسیع خوش آئند ہے۔ اس فیصلے سے علاقائی امن واستحکام کی کوششوں کو تقویت ملے گی۔