Saturday, July 27, 2024

’ وزیراعظم صاحب ! سوری اب آپ سے نہیں مل سکتا ‘

’ وزیراعظم صاحب ! سوری اب آپ سے نہیں مل سکتا ‘
April 12, 2016
لندن (92نیوز) آصف زرداری نے لندن میں نواز شریف کے ساتھ ملنے سے صاف انکار کر دیا۔ سابق صدر کا کہنا ہے جمہوریت کیلئے وزیراعظم کا ساتھ دیا بدلے میں انتقام ملا‘ اب نواز شریف کو کسی صورت نہیں بچائیں گے۔ دوسری جانب وزیراعظم ہاوس کے ترجمان کا کہنا ہے نواز شریف نے زرداری سے ملنے کی خواہش ظاہر نہیں کی۔ تفصیلات کے مطابق وزیراعظم نوازشریف کی برطانیہ یاترا کا اعلان ہوتے ہی یہ افواہیں گردش کر رہی ہیں کہ وزیراعظم لندن میں آصف زرداری سے ملیں گے لیکن اب پتہ چلا ہے کہ سابق صدر نے وزیراعظم سے ملاقات سے صاف انکار کر دیا ہے۔ آصف زردادی کا کہنا ہے کہ آپ کا ساتھ جمہوریت کےلئے دیا‘ بدلے میں انتقام ملا۔ اب نواز شریف کو کسی صورت نہیں بچائیں گے۔ پیپلزپارٹی کے ڈاکٹر قیوم نے نائنٹی ٹو نیوز سے گفتگو میں اس خبر کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ ہماری مفاہمت کے جواب میں وزیراعظم نے نوے کی انتقامی سیاست شروع کی۔ جمہوریت کے نام پر ہمیں تین سال دھوکا دیا گیا۔ دوسری طرف ترجمان وزیراعظم ہاوس کا کہنا ہے کہ وزیراعظم نے لندن میں پی پی قیادت سے ملاقات کی خواہش کا اظہار ہی نہیں کیا۔ وزیراعظم صرف علاج کی غرض سے لندن جا رہے ہیں۔ دونوں جماعتوں میں جو کشیدگی کی آگ لگی ہے اسے پیپلزپارٹی کے سینیٹر رحمان ملک بجھانے کی کوشش میں ہیں۔ انہیں امید ہے کہ وزیراعظم اور سابق صدر مل سکتے ہیں۔ اب وزیراعظم لندن جا کر اپنے روٹھے دوست کو جادو کی جپھی ڈالتے ہیں یا پھر ان سے ہیلو ہائے کیے بغیر واپس آ جاتے ہیں اس بارے میں ابھی کچھ کہا نہیں جا سکتا۔