اسلام آباد: ( 92 نیوز) وزیراعظم شہباز شریف امیر قطر شیخ تمیم بن حمد الثانی کی دعوت پر قطر جائیں گے۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق دوحہ میں قطری وزیراعظم اور وزیرخارجہ محمد بن عبدالرحمٰن بن جاسم الثانی سے ملاقاتیں شیڈول ہیں۔ ملاقات میں تجارت ،سرمایہ کاری سمیت دوطرفہ تعلقات کی تمام جہتوں پر بات ہوگی۔
پاکستان میں سرمایہ کاری کے مواقع کے حوالے سے قطر سرمایہ کاری اتھارٹی اور قطر بزنس ایسوسی ایشن کے اعلٰی سطحی وفود بھی وزیراعظم سے ملاقات کریں گے۔
وزیراعظم ’منظر‘ کے عنوان سے ہونے والی نمائش کا افتتاح بھی کریں گے جس میں پاکستان میں آرٹ اور آرکیٹیکچر کی 1940 سے لے کر ابتک کی تاریخ کا احاطہ کیا گیا ہے۔
نمائش میں پاکستان کے ثقافتی ورثے اور فن تعمیرات کی عکاسی کے ساتھ ساتھ قطر اور پاکستان کے عوام کے درمیان تاریخی رابطوں کو بھی اجاگر کیا جائے گا۔