وزیراعظم سے ق لیگ کے صدر چودھری شجاعت حسین کی ملاقات

اسلام آباد (92 نیوز) وزیراعظم عمران خان سے ق لیگ کے صدر چودھری شجاعت حسین کی ملاقات ہوئی۔ چودھری شجاعت نے عمران خان کو اپنے تحفظات سے آگاہ کیا۔
وزیراعظم عمران خان نے دوسرے روز بھی پارلیمنٹ ہاوس اپنے چیمبر میں مصروف دن گزارا۔وزیراعظم سے وزرا، پارٹی ارکان اسمبلی اور اتحادیوں سے ملاقاتوں کا سلسلہ جاری ریا۔
وزیراعظم عمران خان سے چوہدری شجاعت حسین کی سربراہی میں ق لیگ کےوفد نے ملاقات کی۔ ملاقات میں چوہدری پرویزالہی، طارق بشیر چیمہ، مونس الہی اور جہانگیرترین بھی شریک تھے۔
ذرائع کے مطابق ق لیگ نے اپنے تحفظات سے آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ ان کے ساتھ کیے گئے وعدے پر تا حال عملدرآمد نہیں ہو سکا۔ ق لیگ نے چوہدری مونس الہی کو کابینہ میں شامل کرنے کا مطالبہ دہرایا۔
دوسری طرف وزیراعظم عمران خان نے پچاس لاکھ گھروں کی تعمیر سے متعلق اعلی سطحی اجلاس کی صدارت بھی کی۔ اجلاس میں معاون خصوصی فردوس عاشق اعوان، نعیم الحق، چیئرمین نادرا، سیکرٹری ہاوسنگ اور دیگر حکام شریک تھے۔ اجلاس میں نیا پاکستان ہاوسنگ منصوبے کی پیشرفت کا جائزہ لیا گیا۔
وزیراعظم عمران خان سے مشیر تجارت رزاق داود نے بھی ملاقات کی۔ وزیراعظم کی زیر صدارت پارٹی کور گروپ اورصحت سے متعلق اعلی سطحی اجلاس بھی ہو گا۔