Monday, December 5, 2022

وزیراعظم سے بل گیٹس کی ملاقات ،پولیو کے خلاف مہم میں حکومتی کاوشوں کی تعریف

وزیراعظم سے بل گیٹس کی ملاقات ،پولیو کے خلاف مہم میں حکومتی کاوشوں کی تعریف
اسلام آباد(92نیوز)وزیراعظم نوازشریف سے مائیکرو سافٹ کے بانی بل گیٹس نے ملاقات کی جس میں انہوں نے پولیو کے خاتمے کیلئے حکومتی کاوشوں کی تعریف کی اور پاکستان آنے کی خواہش کا اظہار کیا۔ تفصیلات کےمطابق وزیر اعظم پاکستان نوازشریف سے مائیکروسافٹ کے بانی بل گیٹس نے سوئٹزر لینڈ میں ملاقات کی  اور پولیو کے خاتمے کے لیے حکومت پاکستان کی کاوشوں کی تعریف کی ، بل گیٹس نے وزیر اعظم سے کہا کہ وہ آئندہ چند مہینوں کے دوران پاکستان کا دورہ کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں ۔ ملاقات کے دوران وزیر اعظم نوازشریف سے بات کرتے ہوئے بل گیٹس کا کہنا تھا کہ پاکستان نے گزشتہ 3سالوں کے دوران ملک میں پولیووائرس کے خاتمے کے حوالے سے بہت کامیابیاں حاصل کی ہیں ۔وزیر اعظم نوازشریف کی قائدانہ صلاحیتوں کی تعریف کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ”2017ءپاکستا ن سے پولیو کے خاتمے کا سال ثابت ہو گا “۔ اس موقع پر وزیرا عظم نوازشریف نے بل گیٹس کو پولیو کے خاتمے کے حوالے سے حکومتی اقدامات سے آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ وفاقی حکومت اور چاروں صوبائی حکومتیں مل کر پولیو کے خاتمے کیلئے کام کر رہی ہیں ۔”پولیو سے پاک اور اپنی نسلوں کیلئے صحت مند پاکستان بنانے کیلئے وفاقی اور صوبائی حکومتیں بھر پور طریقے سے تمام وسائل استعمال کر رہی ہیں۔